کراچی/لاہور/ملتان(اسٹاف رپوٹر/ نمائندگان) پاکستان، بھارت، سعودی عرب، دبئی ، سنگاپور، ملائیشیا اور انڈونیشیا سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں سورج گرہن آج جمعرات کو ہوگا ۔ کراچی میں یہ حیرت انگیز نظارہ صبح سات بج کر 35 منٹ پر شروع ہوگا جوآٹھ بج کر 45 پر عروج پر پہنچے گاجبکہ صبح 10بج کر20منٹ پر اختتام پذیر ہو جائے گا۔اسلام آباد میں 8 بج کر 57 منٹ پر مکمل سورج گرہن ہوگا جو 10 بج کر 15 منٹ تک رہے گا‘لاہور7بج کر47منٹ سے10بجکر19منٹ تک جاری رہےگا۔ پاکستان میں سورج گرہن دوپہر1بجکر06منٹ تک مکمل ختم ہو جائیگا۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ظہیر بابر کے مطابق سورج گرہن کا نظارہ کراچی میں سب سے نمایاں ہوگا‘ اسلام آباد‘ لاہور‘ پشاور اور دیگر حصوں میں بھی دیکھا جا سکے گا‘جزوی اندھیرا چھاجائیگا‘ گرہن کو ’’رنگ آف فائر‘‘ کا نام دیا گیا‘شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس دوران سورج کو براہ راست نہ دیکھیں اس سے ان کی بینائی متاثر ہو سکتی ہے، اس موقع پر جامعہ کراچی کی جامع مسجد ابراہیم میں سورج گرہن کے وقت سنت کے مطابق نماز ’’کسوف‘‘ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ جامعہ کراچی کےانسٹی ٹیوٹ آف اسپیس اینڈ پلینٹری اسٹروفزکس (اسپا)کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید اقبال نے جنگ کو بتایا کہ سورج گرہن تین طرح کے ہوتے ہیں پہلی قسم میں مکمل سورج گرہن ہوتا ہے جب چاند ،سورج اور زمین ایک لائن پر آجاتے ہیں اور مکمل سورج گرہن ہوتا ہے ۔ دوسرا جزوی ہوتا ہے جس میں ایک حصہ نظر نہیں آتا جبکہ تیسری قسم میں جب چاندکا ظاہری قطر سورج کی نسبت چھوٹا ہوتا ہے جو سورج کی روشنی کو روکتا ہےا ور سورج درمیان میں سے تاریک ہو جاتا ہےجبکہ اوپری حصہ رنگ کی طرح روشن رہتا ہے جسے اینولرسورج گرہن کہا جاتا ہے ۔