• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ بینک اور ریاست مدینہ کی منزل ایک نہیں ہوسکتی، سراج الحق

لاہور،کراچی(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ15ماہ سے اعلانات اور سبز باغ دکھائے جارہے ہیں، اگر حکومت مدینہ کی ریاست کے قیام کیلئے کام کرتی تو ہم اس کا ساتھ دیتے مگر ان کا رُخ ورلڈ بینک کی طرف ہے، ورلڈ بینک اور مدینہ کی اسلامی ریاست کی منزل ایک نہیں ہو سکتی، اس وقت پرویز مشرف کو سزا دینا یا نہ دینا عام آدمی کا مسئلہ نہیں ہے، اصل ضرورت آئین وقانون کی بالادستی ہے، عدالتوں اور تعلیمی اداروں میں انگریز ی قوانین کے بجائے قرآن کی بالادستی دیکھنا چاہتے ہیں،کل بھی امریکا سے ڈرنے والی قیادت تھی آج کے حکمران بھی امریکاسے خوف کھاتے ہیں، کشمیر کے حوالے سے ہمارے حکمران فوجی جنرل گریسی اور پہلے وزیر خارجہ سر ظفر اللہ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شرقی اور ضلع غربی کے تحت منعقدہ ایک روزہ ”دعوتی وتربیتی اجتماع“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی دوسری جماعتوں کی طرح عام پارٹی نہیں ہے، یہ اس تحریک کا تسلسل ہے جس کی قیادت انبیا کرام کے ہاتھوں میں رہی، ہم اسی راستے پر چلنے والے لوگ ہیں۔ہم بظاہر آزاد لیکن معاشی طور پر غلام ہیں ، ہمارا نظام تعلیم ، سیاست ، قیادت سب غلام بن کر رہ گئے ہیں۔
تازہ ترین