• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچن ڈیزائننگ میں سیاہ رنگ کا انتخاب کرنا روایتی سوچ کے مالک افراد کے لیےمشکل معلوم ہوتا ہے کیونکہ عام طور پر گھروں میں کچن کے لیے ’ہلکے رنگ‘ کو ہی عمدہ تصور کیا جاتاہے۔ لیکن کیا آپ اپنے گھر میں عام اور روایتی سوچ کے برعکس کچھ منفرد اور مختلف ڈیزائننگ دیکھنا پسند کریں گے؟ 

اگر جواب ہاں میں ہے ،تو سب سےپہلے کچن کے لیےصرف ’ہلکے رنگ ہی بہتر ہوتے ہیں‘والی سوچ سے باہر آجائیں۔ آج کی تحریر میں سیاہ رنگ کےکچن آئیڈیاز پر روشنی ڈالی جارہی ہے، مضمون میں بتائے گئے ڈیزائنز آپ کو کچن کی تعمیر یا تزئین نو کے لیے مختلف اور منفرد رہنمائی فراہم کرسکتے ہیں۔

کلاسیکل اور ماڈرن لُک

گزشتہ دو برسوں سے کچن کیبنٹس اور کاؤنٹر اسکیم کیلئے عام اور روایتی رنگوں کے بجائے شوخ رنگوں کا استعمال کیا جانے لگا ہے۔یہی وجہ ہے کہ مختلف اور شوخ کیبنٹری سسٹم ان دنوں کافی ٹرینڈ میں ہے۔لیکن اگر آپ ٹرینڈکے ساتھ کلاسیکل اور منفرد ماڈرن لُک کی تلاش میں ہیں تو بلیک کچن سے متعلق سوچ بچار کیجیے۔کیبنٹس سے بیک اسپلیش تک کے لیے ایسے بہت سے منفرد آئیڈیاز موجود ہیں، جن پر عمل کرتے ہوئے کچن کی تعمیر جدید انداز میں کروائی جاسکتی ہے۔

قدرتی انداز، گیلری اسٹائل

گیلری نما کچن کے ویسے تو کئی فوائد ہیں مگر پھر بھی اکثر لوگ کچن کے اس اسٹائل کو آؤٹ آف فیشن قرار دیتے ہیں۔تاہم یہاں بھی تھوڑی سی سمجھ بوجھ آپ کے کچن کو ماڈرن اسٹائل کچن کی فہرست میں شامل کرسکتی ہے۔ اگر آپ کچن میں مکمل گہرے رنگ کو اداسی اور اندھیرے سے تعبیر کرتے ہیں تو کچن میں سیاہ کے ساتھ کچھ نیچرل ٹون کا اضافہ کیجیے۔ عام طور پر گیلری نما کچن میں سنک سے اوپر کھڑکی کی تعمیر ضروری سمجھی جاتی ہے، یہی کھڑکی آپ کے کچن میں نیچرل ٹون کہلاتی ہے۔ کچن کیبنٹس اور کاؤنٹر کے لیے اسٹیل یا لکڑی کا انتخاب بطور مواد کرتے ہوئے سیاہ رنگ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

2ٹون کچن اسٹائل

کچن کے لیے 2ٹون کی بات کی جائے تو ذہن میں سفید اور سیاہ کچن کا تصور گھومنے لگتا ہے، تاہم یہ امتزاج سیاہ اور بھورے رنگ کا ہے ۔ اگر آپ کا کچن بھی لیونگ روم سے ملحقہ ہے تو کچن کیبنٹ اورکاؤنٹر ٹاپ کے لیے سیاہ رنگ کی لکڑی کا انتخاب کیا جاسکتا ہے ۔

چونکہ کچن لیونگ روم کے ساتھ ہے، لہٰذا دیواروں پر سفید رنگ زیادہ بہتر رہے گا۔ کلاسیکل لک کے لیے آپ مائیکرو ویو کی تنصیب والی دیوار پر سیاہ بورڈ نصب کرواسکتے ہیں۔ کلاسیکل تھیم میں براؤن ٹچ دینے کے لیے کچن چیئر کا انتخاب معیاری لکڑی کے اصل رنگ کے ساتھ ہی بہترین رہے گا۔

بلیک بیڈبورڈ کچن، آئرلینڈ اسٹائل

بیڈبورڈ(Beadboard)، وال بورڈ کی ایک ایسی قسم ہے جو لکڑی کے مختلف پینلز کو جوڑ کر بنائی جاتی ہے۔ مارکیٹ میں بیڈبورڈ تقریباً ہر رنگ میں دستیاب ہے، جسے دوران تعمیر چھت اور دیواروں کی سجاوٹ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ آئر لینڈ اسٹائل کے تحت کیبنٹری اسکیم اور ریفریجریٹر وال کے لیے سیاہ رنگ کے عمودی لائنوں والے بیڈ بورڈ کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ 

عام طور پر اس اسٹائل کو جزیرہ نما کچن کے لیے منتخب کیا جاتا ہے، جس میں کیبنٹ سسٹم سے لے کر ریفریجریٹر والے حصے تک کی دیوار بیڈ بورڈ سے بنوائی جاتی ہے۔ بیک اسپلیش کے لیے مرمیڈ ڈائمنڈ اسٹائل کے ٹائلز کی تنصیب کچن کی شان بڑھائے گی۔ دوسری جانب درمیان میں کاؤنٹر کے لیے سیاہ یا سفید کے بجائے لکڑی کا استعمال آپ کے کچن کو عام اور روایتی انداز سے جدا کرکے اسے منفرد طرزعطا کرے گا۔

سیاہ ہیئرنگ بون ٹائلز، Uشیپ اسٹائل

برٹش انٹیریئر ڈیزائنر اپریل ٹاملن نے سیاہ رنگ کے ہیئرنگ بون ٹائلز سے یوشیپ اسٹائل کچن ڈیزائن کیا ہے۔ وہ اپنے کسٹمرز کو بلیک اسٹائل کچن کے لیےسیاہ رنگ کے ہیئرنگ بون ٹائلز پر مبنی بیک اسپلیش کے انتخاب کا مشورہ دیتے ہیں۔ اپریل ٹاملن کے مطابق ان خوبصورت اور اسٹائلش ماربل ٹائلز کا انتخاب کچن بیک اسپلیش کے لیے کیا جاسکتا ہے، یہ کچن کی تمام شکل وصورت ہی تبدیل کردیتے ہیں۔ 

دوسری جانب ڈیزائنرز کچن میں دیدہ زیب امتزاج کے لیے سیاہ کے ساتھ سفید رنگ کا اضافہ ضروری سمجھتے ہیں، جس پر عمل کرنے کے لیے کچن کاؤنٹر ٹاپ اور برتنوں کی خریداری کے دوران سفید رنگ کو منتخب کیا جاسکتا ہے۔ کچن میں روشنی کے لیے ہینگنگ پینڈنٹ لائٹس کی تنصیب بھی آپ کے کچن کے لیے خوبصورت اور لاجواب ثابت ہوگی۔

سیاہ رنگ و روغن، ایل شیپ اسٹائل

اگر آپ کا بجٹ زیادہ نہیں ہے اور کچن ایل شیپ اسٹائل کا ہے تو سیاہ رنگ و روغن بھی آپ کے کچن کو اَپ ڈیٹ کرنے کے لیے کافی رہے گا۔ آپ کچن کیبنٹس اور دیواروں پر سیاہ پینٹ کے ذریعے ایک ماڈرن کچن کا خواب پورا کرسکتے ہیں۔ تاہم کلاسیکل لُک کے لیے یہ بہتر ہوگا کہ آپ سیاہ رنگ کا ریفریجریٹر بھی کچن میں رکھیں۔

تازہ ترین