امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ احتساب اور کرپشن ختم کرنے کا نعرہ مذاق بن گیا ہے، گیس کی قلت نے چولہے اور حکومتی کارکردگی نے نوجوانوں کا جوش ٹھنڈا کردیا ۔
لاہور سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلے فیصلے کابینہ میں ہوتے تھے، اب وزیر اعظم صرف مشیروں اور ترجمانوں کی مشاورت سے کرتے ہیں، جماعت اسلامی بلدیاتی الیکشن میں سرپرائز دے گی۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے جہاں وی آئی پی کو پروٹوکول اور غریب کو دھکے ملتے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر سے متعلق انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی چیخ و پکار کا حکمرانوں پر کوئی اثر نہیں ہورہا، اُنہیں بھارت کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔