سرگودھا میں ایک خاتون پولیس کی وردی پہن کر تھانے پہنچ گئی، پولیس نے جعلی خاتون کانسٹیبل کو پکڑ لیا۔
رابعہ بصری نامی خاتون پولیس وردی پہن کر پولیس اسٹیشن آئی اور شہریوں کے مسائل سننا شروع کردیے۔
اس دوران تھانے کے عملے کو شک پڑا، تحقیق کی گئی تو انکشاف ہوا کہ پولیس یونیفارم میں موجود خاتون اصلی نہیں بلکہ جعلی لیڈی کانسٹیبل ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا، پولیس ریکارڈ میں رابعہ بصری نامی کوئی خاتون محکمہ پولیس میں ملازم نہیں ہے۔
مذکورہ خاتون کے خلاف دھوکا دہی اور فراڈ کی نیت سے پولیس کی وردی پہن کر خود کو لیڈی کانسٹیبل ظاہر کرنے کی دفعات کے تحت سب انسپکٹر جنان خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے اندراج کے بعد خاتون کو ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا منتقل کردیا گیا ہے۔