لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم پر تنقید سے پہلے مریم اورنگزیب کو ترمیم شدہ آرڈیننس کا اردو ترجمہ پڑھ لینا چاہئے تھا، ہمیشہ کی طرح اس دفعہ بھی ن لیگی رہنماؤں کو قانونی دستاویزات کی انگریزی سمجھ میں نہیں آ رہی اور وہ عوامی و کاروباری حلقوں کی بہتری کیلئے بنا ئے گئے آرڈیننس پر بے بنیاد تنقید کر رہے ہیں، اپوزیشن عوام کو گمراہ، غلط تشریح کرنے میں وقت ضائع نہ کرے۔انہوں نے اپوزیشن کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا اپوزیشن عوام کو گمراہ کرنے سے باز رہے اور قانون کی غلط تشریح کرنے میں اپنا وقت ضائع نہ کرے۔ فیاض الحسن چوہان نے نیب آرڈیننس میں ترمیم پر اپوزیشن کی جانب سے بے جا تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ ترمیم سے کاروباری حلقوں کا سسٹم پر اعتماد مضبوط ہو گا۔ نئی ترامیم میں کیسز کے لیے 500 ملین کی حد کا کہیں ذکر نہیں ہے اور نہ ہی ثبوت نہ ملنے کے باعث تین ماہ کے بعد ضمانت کی شق رکھی گئی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نئی ترمیم میں بیوروکریسی اور کاروباری افراد کو کہیں بھی مکمل چھوٹ نہیں دی گئی اور قانونی و مالی بے ضابطگی سامنے آنے پر ان کے خلاف بھی تادیبی کارروائی کی شق موجود ہے۔