وفاقی وزیر مراد سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان سیاحت کے حوالے سے نمبرون ملک بن گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں مراد سعید نے کہا کہ احسن اقبال کےبھائی کو تمام قواعد نظر انداز کرکے ٹاسک فورس کا چیئرمین بنایا گیا، پھر 9 ٹھیکے دے کر انہیں نوازا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک پروجیکٹ میں ملک کو 50 ارب سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا، عمران خان نے ملکی معیشت کو ایک سال میں آئی سی یو سے نکالا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملک میں احتساب کا شعور عمران خان نے دیا، کرپشن کے خاتمے کے لیے حکومتی اقدامات سامنے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نئی بات نہیں کریں گے، 2023ء تک یاد لاتے رہیں گے کہ آپ کس قسم کا پاکستان چھوڑ کرگئے تھے۔
مراد سعید نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے حوالے سے نمبرون ملک بن گیا ہے، کاروبار میں آسانی میں 28درجے ترقی کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی قیادت میں مشکل وقت سے نکل آئے ہیں,11اعشاریہ 9ارب کی ریکوری ہوچکی ہے۔