اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) سینیٹ داخلہ کمیٹی چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ وہ بارہا حکومت سے مطالبہ کرچکے ہیں ،کہ پاکستان بھارتی وزیراعظم مودی کیخلاف عالمی عدالتوں میں پٹیشنز دائر کرے۔آج میں نے گیمبیا کے وزیر قانون کو خط لکھا ہے کہ بھارت کیخلاف آئی سی جے میں جانے کیلئے ہماری مدد کرے۔منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب میں سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہی ہے کہ حکومت کو کس نے مودی کیخلاف آئی سی جے میں جانے سے منع کیا ہے۔حکومت اب تک اقوام متحدہ،او آئی سی سمیت کسی عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکی۔ سینیٹر رحمان ملک وزیراعظم سمیت سارے وزراء کشمیر پر چپ ہیں کشمیر کیلئے صرف بلاول بھٹو زرداری آواز اٹھا رہے ہیں۔