• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2006 میں عمران خان بھارتی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے


 وزیر اعظم پاکستان بننے سے قبل عمران خان بطور کرکٹر دنیا بھر میں مشہور تھے،عالمی شخصیت ہونے کی حیثیت سے انہوں نے کئی غیر ملکی چینلز کو انٹرویوز دیئے۔

دور حاضرمیں عمران خان کے ماضی میں غیر ملکی چینلز کو دیئے  انٹرویوز سوشل میڈیا پر زیر گردش رہتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آج کل عمران خان کے بھارتی نیوز چینل  کو دیئے گئے انٹرویو کی ایک ویڈیو زیر گردش ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ انہی بالی ووڈ سے فلم  کی آفر ہو چکی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں ہندی فلموں کے معروف اداکار، ہدایت کار اور فلمساز دیو آنند کی جانب سے فلم میں اداکاری  کی پیشکش کی گئی تھی۔

نومبر 2006  کوعمران خان نےبھارتی نیوز چینل کے ایک شومیں بطور مہمان شرکت کی اور وہاں موجود حاضرین کے سوالات کے جوابات دیئے ۔

شو میں موجود ایک خاتون نے عمران خان سے سوال کیا کہ کیا کبھی انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے کی آفر ہوئی ؟

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ یقین نہیں کریں گے لیکن مجھے ایک معروف بھارتی اداکار کی جانب سے فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی ، اس سلسلے میں وہ مجھ سے ملنے انگلینڈ بھی پہنچے جس نے مجھے حیرت زدہ کردیا تھا۔

شو میں موجود حاضرین نے اُس اداکار کا نام پوچھا تو عمران خان نے کہا کہ وہ یہ نام اس لیے نہیں لینا چاہتے کیونکہ یہ اس اداکار کے لیے شرمندگی کا باعث ہو سکتا ہے۔

تاہم حاضرین اور میزبان کے بے حد اصرار پر انہوں نے بھارتی لیجنڈ اداکار دیو آنند کا نام لیا اور ساتھ ہی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں اُن کی بہت عزت کرتا ہوں۔

میزبان نے کہا کہ یہ ایک بہترین موقع تھا کہ آپ اداکاری بھی کر لیتے ۔ عمرا ن خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ ایک عجیب بات تھی کہ ایک کرکٹر ، ایک اداکار کیسے بن سکتا ہے۔

انہوں نے اس شو میں یہ انکشاف بھی کیا کہ انہیں اسماعیل مرچنٹ نے بھی فلم میں کام کرنےکی پیشکش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی اسکول پلے میں اداکاری نہیں کی تو ایک فلم میں اداکاری کیسے کر سکتا ہوں جس پر میزبان نے کہاکہ آپ اداکاری کرتے ہوئے بھی بہت اچھے لگتے۔

تازہ ترین