شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی مشہور و معروف شخصیات اپنے مداحوں کو اپنی روزمرہ زندگی کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے سوشل میڈیا سائٹس کا استعمال کرتے ہیں۔
شوبز ستاروں کی مقبولیت کا اندازہ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے لگایا جاسکاتا ہے، جسے ہر گزرتے دن کے ساتھ پرستاروں کی بڑی تعداد فالو کررہی ہے۔
ماہرہ خان
پاکستان کی صف اول کی اداکارہ ماہرہ خان انسٹاگرام پر 53لاکھ سے زائد فالوورز کے ساتھ پاکستان کی سب سےزیادہ فالو کی جانے والی شخصیت ہیں۔
ماہرہ سوشل میڈیا پر کچھ عرصے قبل تک زیادہ فعال نہیں تھیں لیکن انہوں نے یہ سنگ میل بہت ہی کم عرصے میں عبور کیا۔
ماہرہ انسٹاگرام پر عام طور پراپنی تصویریں شیئر نہیں کرتیں بلکہ اپنی نجی زندگی کا کوئی خاص تجربہ یا واقعہ شیئر کرتی ہیں۔وہ اپنی فلم کی تشہیر کے دوران سوشل میڈیا پر متحرک نظر آتی ہیں۔
ایمن خان
سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیات میں اداکارہ ایمن خان کا دوسرا نمبر ہے۔ انہیں اس وقت انسٹاگرام پر 51لاکھ سے زائد لوگ فالو کر رہے ہیں ۔
ایمن انسٹاگرام پر کافی فعال نظر آتی ہیں ۔ کسی تقریب سے شیئر کردہ کوئی بھی تصویر ان کی بہت جلدی وائرل ہوجاتی ہے اور مداحوں کو ان کی زندگی کے بارے میں جاننے کا تجسس بھی رہتا ہے۔
ایمن اس چیز کا متعدد بار تذکرہ کر چکی ہیں کہ انہیں کیریئر میں انسٹاگرام نے بہت مدد دی ہے۔
ماورا حسین
پاکستانی شوبز شخصیات میں انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی فہرست میں ماورا کا نمبر تیسرا ہے۔ انہیں اس وقت 49 لاکھ سے زائد لوگ انسٹاگرام پر فالو کررہے ہیں ۔
ماورا کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ان کی اپنی تصویروں سے بھرا ہوا ہے، وہ اپنے برانڈ کی تشہیر بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں ۔
ماورا ناصرف اپنی تصویریں شیئر کرتی ہیں بلکہ ان کا ماننا ہے کہ وہ اپنے چاہنے والوں کو گاہے بگاہے کچھ مثبت پیغامات بھی دیتی رہیں۔
ماورا کا شمار پاکستان کے ان چند اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی اداکاری کا لوہا سرحد پار بھی منوایا ہے۔
عاطف اسلم:
پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کے موجودہ انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 47 لاکھ سے زائد ہے۔
عاطف اسلم دیگر مشہور شخصیات کی طرح انسٹاگرام پر اتنے متحرک نہیں ہیں لیکن وہ اس پلیٹ فارم کو اہم اعلانات کے لئے استعمال کرتے ہیں۔
وہ اکثر انسٹاگرام پر اپنی اہلیہ سے محبت کا اظہار کرتے ہیں ، خاص طور پر ایسی پوسٹس کافی جذباتی ہوتی ہیں۔
عائزہ خان:
ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی عائزہ خان کو اس ڈرامے کی شہرت کے بعد سے فالو کیا جانے لگا ۔
اداکارہ عائزہ خان اداکار و میزبان دانش تیمور کی اہلیہ ہیں ۔ وہ اپنے انسٹاگرام پر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تصویریں شیئر کرتی رہتی ہیں اور اُن سے اپنی محبت کا اظہار کرتی ہیں ۔
عائزہ خان اس بات کو بھی یقینی بناتی ہیں کہ وہ اپنے حالیہ پروجیکٹس کے ساتھ ساتھ جن پر وہ کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں ،اس بارے میں اپنے مداحوں کو تفصیل سے آگاہ کریں۔
سجل علی :
شوبز انڈسٹری کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی جوڑی سجل علی اور احد رضا میر کی ہے۔
سجل اپنی جاندار اداکاری اور خوبصورتی کے باعث ہر پاکستانی کی پسندیدہ ہیں ، انہیں انسٹاگرام پر اس وقت 45 لاکھ لوگ فالو کر رہے ہیں۔
سجل کا شمار ان فنکاراؤں میں ہوتا ہے جو فالوورز حاصل کرنے کے لیے کچھ خاص نہیں کرتے بلکہ اپنے کام سے اپنی صلاحیتوں کو منواتے ہیں۔