• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور تجدید نو منصوبہ کیلئے عوام کو اعتماد میں لیا جائے ،سینیٹر الیاس بلور

پشاور (لیڈی رپورٹر)سینیٹ آف پاکستان میں عوامی نیشنل پارٹی کے سابق پارلیمانی لیڈر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے لیڈرسینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا ہے کہ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی آڑمیں پشاور شہر کو تباہی کے دہانے پہنچانے کے بعد اب صوبائی حکومت پشاور کی خوبصو رتی کے منصوبے کے نام پر رہی سہی کسر پورا کرنا چاہتی ہے۔ پشاور کے عوام شہرکی مزید بربادی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ا نہوں نے تجدید نو منصوبہ پر تنقید کرتے ہوئےکہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ پشاور تجدید نو منصوبہ کا پی سی ون بنایا گیا ہے یا یہ منصوبہ بھی بی آر ٹی کی طرح بغیر کسی پلاننگ کے شروع کیا جائے گا۔ سینیٹر الیاس نے کہا کہ پشاور کی خوبصورتی کے منصوبہ کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اور نہ ہی پشاور شہر کے اصل سٹیک ہولڈرز سے اس حوالے سے مشاورت کی گئی انہوں نے کہا کہ خدارا پشاور شہر اور اس کے عوام کو نئے منصوبہ کے نام پر اذیت سے دوچار نہ کیا جائے اور بی آر ٹی منصوبہ کو رول بیک کیا جائے۔ الیاس بلور نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بی آر ٹی منصوبہ کو شروع کرنے سے قبل بھی عوام کو سبز باغ دکھائے تھے جو کہ کرپشن کی نظر ہوگیا اور پورا شہر کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا اورعوام مسلسل دو سالوں سے شدید اذیت کا شکارہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی اس منصوبہ میں زمینی حقائق کو بالائے طاق رکھ کر غیر ضروری کاموں پر توجہ دی جا رہی ہے اور بی آر ٹی کی وجہ سے پشاور شہر کا جو انفراسٹرکچر تباہ ہوا ہے اُس کی بحالی پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ سے عوام کو ریلیف کی بجائے اُن کی مشکلات میں اضافہ ہوگا
تازہ ترین