• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی شیطانی وجود کا خاتمہ شروع ہوچکا، جواد ظریف

لاکھوں عراقیوں نے جنازے میں شرکت کرکے امریکی وزیر خارجہ کو جواب دے دیا ہے، جواد ظریف


ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ چاہے امریکا پیر پٹخے یا چلائے، مغربی ایشیا میں امریکی شیطانی وجود کا خاتمہ شروع ہوچکا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ جمعہ کے روز جنرل قاسم سلیمانی کے بزدلانہ قتل کے اقدام میں عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب امریکی صدر نے دوبارہ عالمی ضابطوں کو توڑنے کی دھمکی دی ہے۔

جواد ظریف نے مزید لکھا کہ ایران کے ثقافتی مقامات کو نشانہ بنانا جنگی جرائم ہے۔

اس سے قبل اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا تھا کہ جنرل سلیمانی پر حملہ کر کے امریکا نے خطے میں اپنی موجودگی کے خاتمے کا آغاز کر دیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ عراقیوں نے جنرل سلیمانی کی موت کا جشن منایا ہے جبکہ لاکھوں عراقیوں نے جنازے میں شرکت کرکے امریکی وزیر خارجہ کو جواب دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی عراق میں امریکی راکٹ حملے میں جاں بحق ہوئے جس پر ایران نے امریکا سے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

میجر جنرل قاسم سلیمانی کی میت آج ایران کے شہر اہواز پہنچا دی گئی ہے، انہیں منگل کو آبائی شہر کرمان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

تازہ ترین