لیور پول (پ ر) حلقہ ارباب ذوق برطانیہ کے سینئر رکن محمد ولید شاہ کے والدگرامی اور65کی جنگ میں چونڈہ محاذ کے سر بکفن غازی میجر ملک قلندر شاہ قضائے الٰہی سے پشاور میں وفات پا گئے۔ انجمن کے تعزیتی اجلاس میں چیئرپرسن محمدانورنے مرحوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بتایاکہ فرنٹیئر فورس رجمنٹ کے اس جانباز افسر کی عسکری زندگی کا آغاز قیام پاکستان کے فوراً بعد کشمیر کے محاذ سے ہوا اور پھر تمام زندگی مختلف محاذوں پر وطن عزیز کادفاع کرنے میں گزار دی۔ 65کی جنگ میں چونڈہ محاذ کے اگلے مورچوں پر کمپنی کمانڈ کرتے ہوئے دشمن کے فوجیوں کو جہنم واصل کیا اور پھر میرانشاہ سے تین ہزار وزیری قبائل کی کمانڈ کرتے ہوئے بہاولنگر محاذ پر بزدل دشمن کو صحرائے چولستان سے مار بھگایا۔ ان کی تمام زندگی ایسے ہی کارناموں سے عبارت ہے ۔ان جنگوں کے تمام کوائف انہوں نے اپنی ضخیم سوانح عمری میں قلمبند کئے ہیں۔ اللہ کریم انہیں اپنے جوار رحمت میں ارفع و اعلیٰ مقام عطا کرے اور محمد ولید شاہ، ڈاکٹر الطاف خٹک، فہمید شاہ سمیت تمام قبیلے کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ علاوہ ازیں مانچسٹر سے جنرل سیکرٹری روبینہ خان، کلچر سیکرٹری بیگم فردوس شاہ، لیاقت علی عہد، نغمانہ کنول، صابر رضا، شارق خان، نجم الحسن چوہان، صفدر بلوچ، ملک یعقوب، وسیم شوکت، سلیم شوکت، برائر فیلڈ لنکاشائر سے سابق ایم ای پی سجاد حیدر کریم، حاجی چوہدری فضل کریم ، لیورپول سے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر طاہر جاوید، میجر طاہر سعید، خواجہ عرفان الٰہی، میاں محمد ارشد، نے دعائے مغفرت او ر مرحوم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔