اسلام آباد (صالح ظافر) سابق وزیر اعظم اور نون لیگ کے قائم مقام صدر شاہد خاقان عباسی قومی اسمبلی میں زیر غور آرمی ایکٹ میں ترامیم کےحوالے سے آج ایک اہم اعلان کریں گے۔ وہ نیب کے سامنے پیش ہونے کے بعد دوپہر میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ شاہد خاقان عباسی درخواست ضمانت جمع کرانے سے انکار کرتے رہے ہیں۔ وہ جیل میں قید ہونے کے بعد سے کچھ ہفتوں کے فرق سے دو سرجریاں کراچکے ہیں۔ پچھلے ہفتے انہوں نے پتےکی سرجری کروائی تھی اور ابھی بھی علاج کے لئے اسپتال میں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون کے رہنماؤں اور عباسی خاندان نے شاہد خاقان سے مل کر انہیں درخواست ضمانت جمع کرانے کا کہا ہے اور انہیں ان کی صحت کے باعث ایسا کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کی۔ ذرائع کے مطابق اگر شاہد خاقان نے درخواست ضمانت جمع نہیں کرائی تو ان کے قریبی رشتہ داروں میں سے کوئی اس مقصد کیلئے عدالت چلا جائے گا۔ بیرسٹر ظفر اللہ خان نیب میں ان کے وکیل ہیں اور یہ امکان ہے کہ شاہد عباسی کے خلاف ریفرنس کی کارروائی ختم کرنے کے لئے درخواست جلد دائر کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی ایوان کی کارروائیاں شروع ہونے سے پہلے قومی اسمبلی میں پارلیمانی گروپ کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔