پشاور( کرائم رپورٹر) گلبہار پشاور میں نجی اسکول کے مالک اور خاتون پرنسپل پر اسرارطور پر جاں بحق ہو گئے ہیں اور ان کی لاشیں اسکول کے واش روم سے برآمد ہوئی ہے پولیس نے قتل کی وجوہات معلوم کرنے کے لئے تحقیقات شروع کردی ہیں،پراسرار طور پر جاں بحق ہونے والی اسکول مالک کامران اور پرنسپل نازیہ کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانہ منتقل کردی گئیں ۔تھانہ گلبہار پولیس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز انہیں اطلاع ملی کہ گرومنگ ہائی اسکول گلبہار میں اسکول کا مالک کامران ولد محمد جا ن سکنہ سکندر ٹائون اور اسکول کی پرنسپل مسماۃ نازیہ اقبال پراسرار طور پر جاں بحق ہو گئے ہیں اور ان کی لاشیں اسکول کے واش روم میں پڑی ہیں پولیس موقع پر پہنچی تو متوفی کامران کا بھائی عدنان دونوں لاشیں اسپتال منتقل کرچکاتھا ہسپتال میں عدنان نے پولیس کو بتایا کہ اس کا بھائی گزشتہ روز سے غائب تھا وہ اپنے دوساتھیوں کے ہمراہ اس کی تلاش میں اسکول گیا جہاں انہوں نے تلاش کے بعد باتھ روم کا دروازہ توڑا تو اس میں اس کے بھائی کامران اور پرنسپل نازیہ اقبال کی لاشیں پڑی تھیں پولیس کا کہناہے کہ دونوں پراسرار طور پر جاں بحق ہو ئے ہیں ۔