ملتان (سٹاف رپورٹر) تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی وائس چیئرمین پیر کریم بخش مڑ ل نے کہا ہے کہ ہمارے تمام مسائل کا حل فقط علیحدہ صوبے کے قیام میں ہے۔ہم علیحدہ صوبے کے قیام کو متنازعہ نہیں بنانا چاہتے اورچاہتے ہیں کہ اس خطے میں بسنے والا ہر فرد صوبے کے مطالبے کو اپنا مطالبہ بنانا ہوگا۔یہ ایشو ایک حساس صورتحال اختیار کرچکا ہے۔اب یہ معاملہ خطے کے سیاستدانوں پر نہیں چھوڑا جاسکتا بلکہ خطے کے عوام کو خود آگے بڑھ کر اپنے حقوق کی جدوجہد کرنا ہوگی۔اس حوالے سے تمام طبقات کو متحدہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تحریک صوبہ ملتان اس خطے میں بسنے والی تمام قوموں اورتمام طبقات کی نمائندہ سب سے بڑی تحریک بن چکی ہے۔جو نسلی یا لسانی بنیادوں کی بجائے انتظامی بنیادوں پر علیحدہ صوبہ ملتان کا قیام چاہتی ہے۔ہم علیحدہ صوبہ کے قیام کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔جلد ہی شہر شہر جاکر خطے میں بسنے والے ایک ایک فرد تک تحریک صوبہ ملتا ن کا پیغام پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا پیغام محبت ہے جہاں تک پہنچے۔ہم اپنے مرکزی چیئرمین رائو عبدالقیوم شاہین کی قیادت میں جلد ہی صوبہ ملتان کی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔اجلاس میں ملک ثقلین تھہیم،ملک افتخاراحمد،رانا لقمان شہزاد،چوہدری محمداکرم،شیخ عبدالحمید اوردیگر نے شرکت کی۔