پاکستان ہاکی فیڈریشن نے رواں سال کے لیے بین الاقوامی اور قومی شیڈول کا اعلان کردیا، ملکی سطح پر جونیئر، سینئر اور خواتین کے20 ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ تین ایونٹ کراچی میں ہوں گے، جس کے مطابق طویل عرصے بعد قائداعظم گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ پاکستان کسٹمز کے زیر اہتمام مئی میں کراچی میں کھیلا جائے گا، کراچی کو دو مزید قومی ایونٹ کی میزبانی دی گئی جس کے تحت گورنر گولڈ کپ مئی میں اور چیف آف نیول اسٹاف ہاکی ٹور نامنٹ جون میں ہوگا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے منگل کو تفصیلات کا اعلان کیا گیا، جس کے مطابق خواتین جونیئر ایشیاء کپ 6 سے 12 اپریل تک جاپان میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان جونیئر ٹریننگ ٹور اپریل اور مئی میں ہو گا۔ 29واں سلطان اذلان شاہ کپ 11 سے 18 اپریل تک ملائیشیا میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان سینئر کھلاڑیوں کا ٹریننگ ٹور جون، جولائی میں ہوگا۔ مینز جونیئر ایشیا کپ 4 سے 12 جون تک بنگلہ دیش ڈھاکا میں کھیلا جائے گا جبکہ ایشین مینز ہاکی چیمپئن شپ 17 سے 27 نومبر تک ڈھاکا میں کھیلی جائے گی۔
فیڈریشن نے سال 2020ء کے لیے قومی ایونٹس کے شیڈول کا اعلان بھی کیا ہے۔ شیڈول کے مطابق چھٹی خواتین قومی جونیئر چیمپئن شپ فروری میں لاہور، پانچویں ٹرے ہاکی چیمپئن شپ فروری میں راولپنڈی، دوسری فائیو اے سائیڈ ہاکی لیگ 10 سے 15 رمضان لاہور اور 31ویں قومی خواتین ہاکی چیمپئن شپ اگست اور ستمبر میں لاہور میں کھیلی جائے گی۔
اسی طرح 37ویں جونیئر ہاکی چیمپئن شپ 15 سے 16 ستمبر جبکہ 66ویں سینئر قومی ہاکی چیمپئن شپ 20 سے 30 ستمبر تک کھیلی جائے گی۔ انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ رواں سال جون، جولائی، انٹر ڈسٹرکٹ 2 سے 7 جون، انٹر ریجن 10 سے 14 جون، بین الصوبائی 16 سے 20 جون اور نیشنل سطح کے مقابلے 22 سے 26 جون تک کھیلے جائیں گے۔
انٹر اسکول ہاکی چیمپئن شپ جون اور جولائی میں کھیلی جائے گی۔ انٹر ڈسٹرکٹ 14 جون سے یکم جولائی، انٹر ریجن 3 سے 8 جولائی، بین الصوبائی 11 سے 16 جولائی اور نیشنل سطح کے مقابلے 20 سے 25 جولائی تک کھیلے جائیں گے۔
آل پاکستان سونا کپ ہاکی ٹورنامنٹ اور چیف منسٹر گولڈ کپ مئی میں کوئٹہ میں کھیلا جائے گا۔ عطاءﷲ جان میموریل ٹورنامنٹ اٹک، بریگیڈیئر حمید گولڈ کپ پشاور، بریگیڈیئر (ر) آصف میموریل ٹورنامنٹ سرگودھا، دوسرے چیف آف آرمی اسٹاف ہاکی کپ 25 نومبر سے 4 دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
اسی طرح کلینکس سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد بھی 2020ء میں کیا جائے گا۔ رواں سال پاکستان کی ٹیمیں 7 مختلف بین الاقوامی ایونٹس میں حصہ لیں گی۔ قومی ویمن جونیئر ہاکی ٹیم 6 سے 12 اپریل تک جاپان میں جونیئر ویمن ایشیاء کپ میں شرکت کرے گی۔
قومی جونیئر ہاکی ٹیم اپریل، مئی میں تربیتی دورہ کرے گی۔11 سے 18 اپریل تک قومی ہاکی ٹیم سلطان اذلان شاہ کپ میں شرکت کے لیے ملائیشیا جائے گی۔ جون، جولائی میں قومی سینئر ٹیم تربیتی دورے پر روانہ ہوگی۔ قومی جونیئر ٹیم 4 سے 12 جون تک بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں جونیئر ایشیا کپ میں حصہ لے گی۔ قومی ہاکی ٹیم سال کا اختتام 17 سے 27 نومبر تک مینز ایشین چمپئنز ٹرافی میں شرکت سے کرے گی۔
تربیتی دوروں کے مقام اور میچز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ستمبر میں قومی سینئر ہاکی چمپئن شپ بھی منعقد ہوگی۔