لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے مقابلے میں جنرل الیکشن لڑنے والی ماضی کی معروف اداکارہ مسرت شاہین نے چوہدری پرویز الہی اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ہونیوالے خفیہ معاہدے کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کردیا۔لاہور پریس کلب میں ماضی کی معروف اداکارہ مسرت شاہین محفل موسیقی کی تقریب میں شریک ہوئیں۔ ا نہوں نے کہا کہ وہ دوبارہ مولانا فضل الرحمان کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔مسرت شاہین نے مطالبہ کیا کہ چوہدری پرویز الہی اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان دھرنے کے موقع پر ہونے والے معاہدے کو اگر منظر عام پر نہ لایا گیا تو پھر مولانا صاحب کا ڈیرہ اسماعیل خان میں پچھلے الیکشن جیسا ہی حال ہوگا۔سخت سردی کو شکست دینے کے لیے پریس کلب میں محفل موسیقی کا اہتمام صحافیوں کی جانب سے کیا گیا تھا۔ محفل موسیقی میں معروف قوال عزیز میاں کے بیٹے جنید عزیز نے صوفیانہ کلام پیش کرکے سماں باندھ دیا جبکہ کلاسیکل گھرانے کے چشم و چراغ سورج خان نے بھی حاضرین سے خوب داد وصول کی۔