ملتان (سٹاف رپورٹر) تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی وائس چیئرمین رانا عبدالعزیز نے کہا ہے کہ اس خطے کے مسائل کا ایک ہی حل ہے کہ اس خطے کو انتظامی طور پر علیحدہ صوبے کا سٹیٹس دے دیا جائے۔اس خطے میں بسنے والے ہر فردکی دلی خواہش ہے کہ ہمارا علیحدہ صوبہ ہو جہاں تمام تر وسائل ہمارے خطے پر خرچ کئے جائیں اور ہم خود اپنے ہاتھوں سے اپنے خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے اقدامات کریں مگر صرف خواہش سے کبھی بھی صوبہ حاصل نہیں ہوسکتا۔اس کیلئے خطے کے تمام طبقات کو متحد ہوکر جدوجہد کرنی ہوگی۔اس حوالے سے خطے سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں کا کردار اہم ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ خطے کے تمام سیاستدان پارلیمنٹ میں صوبہ ملتا ن کیلئے آواز بلند کریں اور اس حوالے سے آئینی اقدامات کیلئے کوشش کریں۔ہر تعصب سے پاک صوبہ ملتان ہر فرد کی ضرورت ہے لہذا حکومت بھی اس حوالے سے آئینی پیش رفت کو یقینی بنائے۔ اجلاس میں ملک سلیم کمبوہ،احمد بخش کھوکھر،سجاد علی بخاری،احمد علی ،محمد تسلیم،چوہدری فیاض احمد،مظہر عباس اوردیگر نے شرکت کی ۔