وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مختلف ممالک کے دورے کےلیے رابطے شروع کردیےہیں۔
ایک ویڈیو بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے اُنہیں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے پیشِ نظر مختلف ممالک کے دورے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 3 جنوری کے واقعات اور پھر 8 جنوری کو علی الصبح سامنے آنے والے ردِعمل نے کشیدگی میں اضافہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ یہ کشیدگی نہ صرف ہمارے بلکہ پورے خطے کے مفاد میں نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ خطہ مزید کسی جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا، پاکستان کی کوشش رہی ہے اور کوشش ہے کہ ہم معاملات کو سلجھائیں۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نےانہیں ایران، سعودی عرب اور امریکا کا دورہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔