• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان، فیصلہ پیر کو ہوگا

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا مستقبل پیر کو طے ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی کلیئرنس کے لئے حکومت سے بھی رابطہ کر لیا ہے۔

پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے واضح اشارے مل رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش ٹیم کے دورہ پاکستان کا حتمی اعلان اب پیر کو کیا جائے گا۔ ویسٹ انڈین کرس گیل نے ڈھاکا میں یہ بیان دے کر پاکستان کا کیس مضبوط کردیا ہے کہ اس وقت پاکستان محفوظ تر ین ملک ہے۔

نظم الحسن نے پی سی بی سے مزید چار دن کا وقت مانگ لیا ہے اس سے قبل اتوار کو بنگلہ دیش بورڈ کا اجلاس ہوگا۔ بنگلہ دیش بورڈ کے صدر نے کہا کہ حکومتی ایجنسیوں نے دورہ پاکستان کے لئے جزوی کلیئرنس دے دی ہے۔ ہمیں حتمی کلیئرنس سے قبل فول پروف سیکیورٹی کی ضمانت درکار ہے۔

بدھ کو بنگلہ دیشی میڈیا نے دعوٰی کیا تھا کہ نظم الحسن نے ڈھاکا میں میڈیا کو بتایا کہ شیڈول میں کچھ تبدیلیوں کے ساتھ حتمی اعلان جمعرات کو کیا جائے گا۔

پی سی بی ترجمان نے جمعرات کی شب جنگ کو بتایا کہ نظم الحسن نے چند گھنٹے پہلےپی سی بی چیئرمین احسان مانی سے رابطہ کرکے پیر کو حتمی جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔

نظم الحسن نے بتایا کہ اتوار کو بورڈ کی میٹنگ ہے، یہ کیس اپنے بورڈ ممبرز کے سامنے رکھیں گے۔ جس کے اگلے دن ہم حتمی جواب دیں گے ۔ترجمان نے کہا کہ نظم الحسن نے فون کے دوران احسان مانی کو کوئی واضح بات نہیں بتائی، صرف پیر تک جواب دینے کا کہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم نے نظم الحسن پر واضح کیا ہوا ہے کہ ایک ٹیسٹ کا کوئی آپشن نہیں ہے۔ نہ ہی صرف ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کا آپشن قابل قبول ہے۔ پی سی بی نے جو دو آپشن دیئے ہیں، اس کے مطابق پہلا آپشن مکمل دورہ(دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل) ہے، جبکہ دوسرا آپشن دو ٹیسٹ کا ہے جس کے بعد کسی وقت تین ٹی ٹوئینٹی میچ کھیل لئے جائیں۔

ترجمان نے کہا ہے کہ ہم نے تجویز دی ہے کہ کراچی میں پہلا ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق ٹیسٹ میچ اب پہلی ترجیح ہے، نظم الحسن کا کہنا ہے کہ اگر ہم پاکستان نہ گئے تو ہمیں دورہ نہ کرنے کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

پی سی بی نے ہمیں بتایا ہے کہ ٹیسٹ میچ کھیلنا پہلی ترجیح ہے۔ نظم الحسن نے جن سنیئر کھلاڑیوں سے ملاقات کی ہے ان میں مشفق الرحیم کے علاوہ تمام کھلاڑیوں نے پاکستان جانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

ٹیسٹ کپتان مومن الحق سمیت کئی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کے لئے بورڈ سے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ بنگلہ دیشی بورڈ کو حکومتی کلیئرینس درکارہے۔

نظم الحسن نے کہا کہ میں نے حکومتی ایجنسیوں سے بات کر لی ہے۔ جمعہ اور ہفتے کو تعطیل ہے، اتوار کو میٹنگ کے بعد کوئی فیصلہ ہوجائے گا۔

بنگلہ دیش ٹیم کا غیر ملکی کوچنگ اسٹاف پاکستان نہیں جانا چاہتا جبکہ کوچ رسل ڈومینگو ٹی ٹوئینٹی کے لئے جانا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین