وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے کا خسارہ 4 سال میں ختم کریں گے۔ 2006 سے اضاخیل ڈرائی پورٹ کو کھڈے لائن لگا رکھا تھا، وزیر اعظم عمران خان اسی منصوبہ کا افتتاح کریں گے۔
پشاور میں پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نجانے کون سے دسمبر کی بات کرتے ہیں۔ عمران خان 5سال پورے کریں گے، شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک فوج اور عمران خان جمہوریت کے ساتھ ہیں، پہلے ہی بتا دیا تھا کہ ن اور پیپلز پارٹی حمایت کریں گے، قومی اسمبلی میں اچھی فضا دیکھنے کو ملی۔
انہوں نے کہا کہ وکٹری پوائنٹ پر ہوں، کٹ نہیں لگانا چاہتا، تعویذوں نے کام کیا، سوا لاکھ داتا درباری چلے اور سب کچھ ٹھیک ہوگیا۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم نہ تھا کہ دم درود اور تعویذ کام آئیں گے، آئندہ بھی تعویذ اور دم درود کرائیں گے۔