اسلام آباد(مہتاب حیدر) وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل ہونی چاہیئے۔ یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم وفد کے ساتھ کے فور، سرکلر ریلوے سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کے دوران کہی۔ تفصیلات کے مطابق، وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا ہے ، تاکہ شہریوں کو درپیش نقل و حرکت سے متعلق مسائل حل ہوسکیں۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے وفد کو بھی یقین دلایا کہ کراچی اور حیدرآباد کے مزید ترقیاتی منصوبوں کو آئندہ بجٹ2020-21 کے لئے پی ایس ڈی پی پلس میں شامل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے یہ بات وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشنز خالد مقبول اور ایم کیو ایم کے وفد سےملاقات کے دوران کہی ۔