اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی ) شاہ محمود کے سفارتی رابطے، کل تہران، ریاض اور واشنگٹن کیلئے روانہ ہونگے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عراق اور ایران کی حکومتوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی کو کم کرنے کیلئے اپنی تمام تر سفارتی وسائل اور صلاحتیں بروئے کار لائے گا۔ اس مقصد کیلئے پاکستان نے جو کوششیں شروع کر رکھی ہیں ہمیں یقین ہے کہ وہ ثمر آور ثابت ہونگی۔ تاہم ان کوششوں کو خطے کے ممالک اور اہم طاقتوں کی حمایت کی بھی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عراقی وزیر خارجہ محمد علی الحکیم سے ٹیلیفونک رابطہ اور پاکستان میں سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے والے نئے سفیرسید محمد علی حسینی سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے ان سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ اپنے عراقی ہم منصب سے ٹیلیفون پرگفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایران امریکہ کشیدگی سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر گہری تشویش ہے،خطہ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔