اسلام آباد(مہتاب حیدر)پاکستان الیکٹرانک میڈیاریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا)نے سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کو گلگت بلتستان کیلئے انٹرنیٹ پروٹوکول ٹی وی ڈسٹری بیوشن سروس لائسنس جاری کردیاہے،ایس سی او کے مطابق اس سلسلے میں پیمراہیڈکو ارٹرز اسلام میں ایک تقریب منعقدہوئی جس میں معاہدہ پر باقاعدہ دستخط ہوئے،تقریب میں ڈی جی ایس سی اومیجرجنرل علی فرحان اورچیئرمین پیمرامحمد سلیم بیگ کے علاوہ دونوں طرف سے سینئر حکام شریک ہوئے،انٹرنیٹ پروٹوکول ٹیلی ویژن (آئی پی ٹی وی)انٹرنیٹ پروٹوکول (آئی پی )نیٹ ورک پر ٹی وی نشریات ہے جوبراہ راست ٹی وی نشریات اور دیگرویڈیوز ضرورت کے مطابق نشرکرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے،یہ کارپوریٹ سیکٹراور صارفین کیلئے جغرافیائی کوریج اور انٹرنیٹ حل کی وسیع رینج فراہم کرتا ہے،اس موقع پر ڈی جی ایس سی اومیجر جنرل علی فرحان نے کہاکہ فتھ جنریشن وار کے دورمیں ہم اس میڈیم کے ذریعے مخالفانہ بیرونی بیانیہ کامقابلہ کر نے کے قابل ہوجائینگے، ایس سی اولوکل آپریٹرکیساتھ کام کرنا اورمنافع کمانے کے بجائے سہولت کارکاکرداراداکرناچاہتا ہے کیونکہ آمدن ہماری ترجیح نہیں ہے۔