اسلام آباد (اے پی پی)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے ایران کی طرف سے مسافر طیارے کے حادثاتی واقعے کا جو اعتراف سامنے آیا ہے میں امید کرتا ہوں کہ اس سے تشویش میں کمی آئے گی،ٹرمپ کا بیان امید کی کرن‘ایران امریکاکشیدگی میں کمی لانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ایران،سعودی عرب اور امریکا روانہ ہو رہا ہوں۔ہفتہ کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا یہ موقف ہے کہ یہ خطہ مزید کسی کشیدگی یا لڑائی کا متحمل نہیں ہو سکتا،ہم کشیدگی کم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ایران روانہ ہو رہا ہوں وہاں میری ایرانی قیادت سے ملاقات ہو گی۔اس کے بعد سعودی عرب (ریاض) جانے کا موقع بھی میسر آرہا ہے سعودی وزیر خارجہ سے بھی ملاقات ہو گی۔بعد ازاں امریکا بھی جاؤں گا ضرورت اس امر کی ہے کہ ایران‘امریکا کشیدگی میں کمی لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے حالیہ بیان سے ایک امید کی کرن دکھائی دی ہے۔