لاہور (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سیاست اور جمہوریت یرغمال ہے ۔ پیسے اور طاقت کی بنیاد پر سیاست عوام کیلئے نہیں خواص کیلئے ہے ۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ایسی سیاست کی نفی کی ہے ۔ حکمرانوں کی معاشی ، تعلیمی ، داخلہ و خارجہ پالیسیاں ناکام ہیں ۔ تمام سیاسی جماعتیں ناکامیوں کی ایک داستان ہیں ۔ جماعت اسلامی کو موقع ملے گا تو پاکستان ترقی کریگاجو لوگ خوشحال اسلامی پاکستان چاہتے ہیں وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ بلوچستان کی خواتین کو تعلیم وصحت کی معیاری سہولیات مہیا نہیں ، اس معاملے پر حکومت کا خاموش ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے قرآن انسٹیٹیوٹ کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا عوام کو اب مسائل میں اضافہ کرنے والی موروثی جماعتوں کے بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا چاہیے۔