وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ایران کے شہر مشہد پہنچ گئے۔
مشہد کے ہاشمی نجاد ہوائی اڈے پر صوبہ خراسان کے ڈپٹی گورنر جنرل رضاوی محمد صادق باراتی، مشہد میں پاکستان کے قونصل جنرل عرفان محمود بخاری اور پاکستان قونصل خانے کے حکام نے وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیر خارجہ مشہد میں امام رضا کے روضہ مبارک پر حاضری دیں گے، حاضری کے بعد وزیر خارجہ وفد کے ہمراہ مشہد سے تہران پہنچیں گے۔
سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ ہیں۔
واضح رہے کہ 3 جنوری کو عراق میں امریکی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 6 افراد کے قتل کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے اس قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا جس سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا اور ایران کی جانب سے عراق میں موجود امریکی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے وزیرِاعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی آج ایران کے لیے روانہ ہوئے تھے جبکہ اس کے بعد وہ سعودی عرب کا بھی دورہ کریں گے۔