• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

برف باری اور بارش کے کئی ریکارڈ ٹوٹ گئے، درجنوں مکان تباہ، مزید 20 افراد ہلاک، افغانستان سمیت کئی ملکوں میں شدید برف باری

برف باری اور بارش کے کئی ریکارڈ ٹوٹ گئے


کراچی، اسلام آباد،لاہور، مظفر آباد ،گلگت (اسٹاف رپورٹر،نمائندگان جنگ ،خبر ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیٹ نیوز) برفباری اوربارش کے کئی ریکارڈ ٹوٹ گئے، درجنوں مکان تباہ، مزید 20افراد ہلاک ،وادی نیلم میں برف کےطوفان سے 10افراد ، راجن پور میںچھتیں گرنے سے 3افراد،سکھر، جھنگ اور خانیوال میں 4 لڑکیاں ،حسن ابدال میں گاڑی پھسلنے ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

گلگت بلتستان میں برفباری کا 50سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ، نشیبی علاقے زیرآب ،زیارت سمیت کئی اضلاع اور ہنزہ میں ایمرجنسی نافذ ، بلوچستان کی بعض سڑکوں پر لوگ پھنس گئے۔

ٹرانسپورٹ برف میں دھنس گئی، بچوں کا دودھ، بڑوں کا کھانا، گاڑیوں کا ایندھن ختم ہوگیا،صوبائی حکومت کاکہناہےکہ امداد پہنچارہے ہیں۔

ادھرکراچی میں درجہ حرارت 5ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب افغانستان سمیت کئی ممالک میں بھی شدید برفباری ہوئی ہے۔

تفصیلات کےمطابق آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثات میں 20افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

آزاد کشمیر کے ضلع آٹھ مقام کے بالائی علاقہ کیل کنڈیاں بیلہ میں تین منزلہ مکان گلیشئر کی زد میں آکر تباہ ہو گیا ،مقامی لوگوں کے مطابق گھر میں وقار ولد زعفران، پروین زوجہ زعفران، صائمہ دختر زعفران جاں بحق ہو گئے۔

یونین کونسل دود ھنیال میں سبہائی گاؤں میں برفانی گلیشئر کی زد میں آکر مشتاق لوہار کا مکان تباہ ہوگیا ہے مکان کے اندر7افراد موجود تھے جوکہ ابھی تک لاپتہ ہیں، دودھنیال کے علاقہ گہوری میں تین مکانات جوکہ فرید،شیر ولی، پرویز کے مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ۔

محکمہ اطلاعات کے ملازم جوکہ یونین کونسل دودھنیال کا رہائشی ہے اشرف تبسم کے مطابق برفانی گلیشئر میں پھنسے40 کے قریب افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے ۔ جبکہ گہوری کے مقام پر عنصر ممتاز نامی خاتون کو شدید زخمی حالت میں ریسکیو کرتے ہوئے مقامی ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔

شاردہ کے قریب ایک خاتون برفانی تودے کے نیچے دب گئی جس کو نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، شدید برف باری کی وجہ سے ریسکیو کی سرگرمیوں میں مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

گریس ویلی میں 10سے زائد مکانات تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں لیکن موبائل فون سروس نہ ہونے کی وجہ سے جانی نقصان کی تفصیل نہیں مل سکی ۔ بالائی علاقوں میں شاہرائے نیلم بند ہو گئی ۔ادھر راجن پور کے علاقہ داجل میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجہ میں 8افراد ملبہ تلے د ب گئے۔

ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا اور تین نعشوں اور پانچ زخمیوں کو نکال کر تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال جام پور منتقل کر دیا ہے جبکہ سکھر کے علاقہ نیوپنڈ میں بارش سے ایک مکان کی چھت گرنے کے نتیجہ میں ملبہ تلے دب کر ایک بچی جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہو گئے ، زخمیوں میں دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔

اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو آپریشن شروع کیا تاہم ریسکیو ٹیمیں بھی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ملبہ تلے سے نکال کر ہسپتا منتقل کیا جہاں ایک بچی دوران علاج دم توڑ گئی،مکان کی چھت گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث گری۔

جھنگ میں بھی بارش سے چھت گری، ملبے تلے دب کر ایک لڑکی جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ ننکانہ واربرٹن، کھوکھراں گائوں میں بھی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہو گئے۔

خانیوال کے علاقے ممدال میں مکان کی چھت گر گئی۔ملبے تلے دب کر دو لڑکیاں موقع پر جاں بحق ہو گئیں۔

قصور کے علاقے کلچہ معدونا میں بارش مکان کی چھت کو لے بیٹھی، تین افراد ملبے تلے دبنے سے زخمی ہو گئے، بچی کی حالت تشویش ناک ہے۔حسن ابدال،موٹروے پر پارش کے باعث پھسلن سے گاڑی کو حادثہ،ایک شخص جاں بحق،حادثہ کے باعث موٹروے پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش کو گاڑی سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا،جاں بحق ہونے والے شخص کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔ملکہ کوہسار مری، مالم جبہ، کالام ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکے مختلف علاقوں میں برفباری شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد اور لاہور میں بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا، اس کے علاوہ ملتان، راجن پور، فیصل آباد، لودھراں، ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش ہوئی۔سکھر،گھوٹکی، ڈہرکی، اوباڑو ،خانپور مہر اور میرپور ماتھیلو میں بھی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

کراچی میں رم جھم نے خنکی بڑھا دی، بلوچستان کے چاغی سمیت مختلف مقامات پر بارش سے ندی نالے بپھرے پڑے ہیں جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے۔

کوئٹہ میں تیز بارش، پہاڑوں پر برفباری سے موسم یخ بستہ ہو گیا،گلگت بلتستان میں برف باری کا 50سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا،بالائی علاقوں میں ایک فٹ جبکہ نشیبی علاقوں میں دس انچ تک برف باری ہو چکی ہے۔

بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں اور شاہراہِ قراقرم ہرقسم کی ٹریفک کی لیے بند ہوچکی ہیں،2روز سے گلگت بلتستان کا فضائی اور زمینی رابطہ ملک کے دوسرے حصوں سے منقطع ہے۔برف باری اور بارش کی وجہ سے سردی کی شدت میں بے حد اضافہ ہوگیا ہے۔

خراب موسم کی وجہ سے 5پروازیں منسوخ جبکہ 11تاخیر کا شکار رہیں ، مختلف شہروں میں شدید بارش کی وجہ سے متعدد ٹرینیں ڈیڑھ سے 5گھنٹے کی غیر معمولی تاخیر کا شکار رہیں ۔ ابوظہبی ، کراچی ، اسلام آباد سے آنیوالی اور کراچی جانے والی پروازیں منسوخ ہو گئیں ۔

جدہ جانے والی پرواز ڈیڑھ گھنٹہ ، مسقط اور دبئی جانے والی ایک، ایک گھنٹہ ، بحرین 2 گھنٹے ، کراچی ڈھائی گھنٹے ، ابوظہبی سے آنے والی پرواز ایک گھنٹہ ، مدینہ سے آنے والی ایک گھنٹہ ، استنبول سے آنے والی2 گھنٹے ، اسلام آباد سے آنے والی ڈیڑھ گھنٹہ ، دبئی سے آنے والی 4 ڈیڑھ گھنٹہ جبکہ بحرین سے آنے والی پرواز2 گھنٹے تاخیر کا شکار رہی ۔

بارش کی وجہ سے کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے اور جانے والی تمام ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔جعفر اور شالیمار ایکسپریس5 ،5 گھنٹے، اکبر ایکسپریس 4گھنٹے ،جناح ،تیز گام ، قراقرم ایکسپریس 3،3 گھنٹے،کراچی ، ملت ایکسپریس ، پاک بزنس ڈھائی ،ڈھائی گھنٹے ،فرید ،شاہ حسین ،پاکستان ایکسپریس2،2 گھنٹے ،خیبر میل ڈیڑھ اورگرین لائن ایکسپریس ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار رہیں۔

جس کی وجہ سے مسافروںکو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں آئندہ 24گھنٹے کے دوران بارش کی جھڑی وقفے وقفے سے جاری رہے گی جبکہ پہاڑوں پر مزید برفباری کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کیا ہے کہ 15سے17جنوری تک کم ازکم درجہ حرارت 5سے 6 ڈگری جاسکتاہے، سردی کی نئی لہر 22 جنوری تک برقراررہے گی۔

دوسری جانب بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے شہر منالی کے مقام پر برفباری دیکھی گئی، سعودی عرب کے سحرا نےبھی برف کی چادر اوڑھ لی۔

افغانستان میں بھی برفباری نے موسم حسین بنادیا،ایران میں مشہد کے مقام پر بھی گزشتہ روز برفباری ہوئی۔

تازہ ترین