اسلام آباد(جنگ نیوز) وفاقی حکومت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں بھی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔چودھری شوگر ملز میں مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے کی گئی تھی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ان کا نام ایون فیلڈ ریفرنس میں بھی ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔نیب لاہور کی جانب سے اس سلسلے میں وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا تھا۔ اب کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مریم نواز کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی منظوری دیدی ہے۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کے بیرون ملک قیام میں توسیع کیلئے ابھی تک کوئی درخواست یا دستاویزات موصول نہیں ہوئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ حارث کے جواب کے بعد پنجاب حکومت نے نواز شریف سے لندن میں اب تک ہونے والے علاج کی رپورٹس مانگ لی ہیں۔