• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک۔بنگلا دیش سیریز کا شیڈول طے، ٹیسٹ میچز بھی شامل

پاک۔بنگلا دیش سیریز کا شیڈول طے، ٹیسٹ میچز بھی شامل


بنگلادیش پاکستان میں کرکٹ کھیلنے پر راضی ہوگیا، دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی۔

سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات کے دوران دی گئی۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین ششانک منوہر نے سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے میں معاون کا کردار ادا کیا۔

پاک بنگلہ دیش سیریز میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے کے ساتھ 2 ٹیسٹ شامل بھی ہوں گے۔

شیڈول کے مطابق 3 سیریز کے تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

راولپنڈی ایک ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا جبکہ ایک ٹیسٹ اور سیریز کا واحد ون ڈے کراچی میں  کھیلا جائے گا۔

شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز  24 سے 27 جنوری تک لاہور میں کھیلی جائے گی۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں 7 سے 11 فروری تک کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کا آغاز ہوجائے گا، تاہم اس کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا واحد ون ڈے انٹرنیشنل 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اپریل تک کراچی میں ہوگا۔

چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کو حتمی شکل دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ششانک منوہر کی معاونت کے مشکور ہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہےکہ نئے شیڈول کی تیاری دونوں بورڈز کی جیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم تین مرتبہ پاکستان آئے گی جو اس بات کا ثبوت ہےکہ پاکستان ایک پُرامن اور محفوظ ملک ہے۔

تازہ ترین