جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹور نامنٹ کے لیے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے تر بیتی کیمپ کا آخری مرحلہ مئی کے وسط میں کراچی میں لگایا جائے گا، چار جون سے ایشیا کپ ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کی تیاری کے لیے 60 کھلاڑیوں کے قومی کیمپ کا پہلا مرحلہ ان دنوں لاہور میں جاری ہے، جس میں تین سیشن میں کھلاڑیوں کی تیاری جاری ہے، صبح 7 سے 9 نو بجے تک کھلاڑیوں کو فزیکل ٹریننگ کروائی جارہی ہے۔
ساڑھے گیارہ بجے دن سے دوپہر ایک بجے تک کھلاڑیوں کی صلاحتیوں پر توجہ مرکوز رہے گی، تیسرے سیشن میں کھلاڑیوں کو گیم کی پر یکٹس کروائی جارہی ہے جس کے دوران پہلے مرحلے میں پنالٹی کارنر لگانے اور روکنے پر زور دیا جارہا ہے۔
قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ دانش کلیم نے بتایا ہے کہ اس کیمپ سے 35 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا، جس کے بعد 15روز کے وقفے کے بعد کیمپ کا دوسرا مرحلہ لاہور میں ہی شروع ہوگا، جو کم از کم ایک ماہ جارہ رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ17جنوری کو جونیئر اور سنیئر کھلاڑیوں کے درمیان اسلام آباد میں لگائی گئی نئی آ سٹروٹرف کے افتتاح کے موقع پر نمائشی میچ کھلا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیم انتظامیہ نے پی ایچ ایف سے درخواست کی ہے کہ جونیئر ایشیا کپ سے قبل قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے لیے یورپی ٹیموں کے ساتھ 16سے17 پریکٹس میچوں کا بندو بست کیا جائے تاکہ کھلاڑیوں کو اس اہم ایونٹ کے لیے جو جونیئر ورلڈکپ کا کوالیفائنگ رائونڈ بھی ہے کھلاڑیوں کو بہتر پریکٹس مل سکے۔