• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری احساس کرے، مسئلہ کشمیر دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان سلگتا تنازع ہے، پی ٹی آئی رہنما

ڈیوز بری (محمد رجاسب مغل) تحریک انصاف آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر چوہدری ظفر انور نے کہا کہ کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے سیز فائر لائن کے اس پار اپنے حق خودارادیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں افسوس کا مقام ہے کہ عالمی برادری تماشائی بنی ہوئی ہے پوری دنیا میں پاکستان واحد ملک ہے جو کشمیریوں کے وکیل کی حیثیت سے لڑ رہا ہے عالمی برادری کو احساس ہونا چاہئے کہ دو جوہری طاقتوں کے درمیان سلگتے ہوئے کشمیر کو دنیا نظر انداز نہیں کر سکتی اور اگر کچھ ہوا تو اس کے اثرات پوری دنیا پر پڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف یارکشائر اینڈ ہمبر کے ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا جلسے میں چکسواری سے تعلق رکھنے والے یورپی ممبر پارلیمنٹ شفق محمد مقامی کونسلروں اور برطانیہ بھر سے میرپور حلقہ نمبر 2 کے زعماء کی بڑی تعداد موجود تھی چوہدری ظفر انور جب ہال میں پہنچے تو کارکنوں نے نعروں کی گونج میں ان بھرپور استقبال کیا۔ چوہدری ظفر انور کامزید کہنا تھا کہ تحریک کشمیر پر سب جماعتیں متحد ہیں جب تک کشمیریوں کو ان حق خودارادیت نہیں ملتا خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کے لیے لڑیں گے مایوسی کفر ہے کشمیری بلاخر اپنی منزل ضرور حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھی تبدیلی کی لہر اٹھ چکی ہے حلقہ نمبر تین میرپور کے ضمنی الیکشن میں بیرسٹر سلطان محمود کو ہرانے کے لیے سب جماعتوں اکھٹی ہوئیں مگر پھر بھی عوام نے پی ٹی آئی کو کامیاب کیا۔ ضلع میرپور کے انتخابی حلقہ نمبر 2 کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چالیس سال سے ایک ہی مائینڈ سیٹ حلقہ کے عوام کو بے وقوف بنا کر حکمرانی کر رہا ہے۔ گزشتہ چالیس سال میں حلقہ میں کوئی میگا پروجیکٹ لے کر نہیں آئے کھوکھلے نعروں سے اپنی تجوریاں بھرنے کے سوا کچھ نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ یہ حلقہ محرومیوں کا شکار ہے اس حلقے کی بڑی تعداد برطانیہ میں آباد ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام کے شعور کو جگایا جائے ان کے اذہان اور قلوب کو بدلنا ہو گا اور تبدیلی کے لیے انہیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں اورسیز کمیونٹی کو اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے اورسیز کمیونٹی روپے پیسے کے بجائے یہاں سے تعلیمی قابلیت اور دیگر شعبوں کے ہنر کو اپنے وطن لے کر جائیں تا کہ ملک کی حالت بدلی جا سکے چک ہریام پل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ انجینئیرنگ کی بدترین مثال ہے انہوں نے کہا کہ اب یہ پل اگلے سال جون سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ یورپی ممبر پارلیمنٹ شفق محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی چہرے بدلنے سے نہیں بلکہ ایک وژن کی تکمیل سے آتی ہے برطانیہ میں بریگزٹ کی وجہ سے تحریک کشمیر پر جو اثرات پڑیں گے اس کے لیے پاکستان اور آزاد کشمیر کے سیاستدانوں کو پڑنے والے اس خلاء کو پر کرنا ہوگا۔ یورپی پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کے حوالے سے ایک مضبوط آواز ہے انہوں نے کہا کہ جب بھارت اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کا رکن بننے کے لیے لابنگ کی تو ہم نے کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کا مسئلہ اٹھایا گزشتہ پانچ ماہ سے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں بدل دیا گیا ہے کشمیریوں کی شناخت تک ختم کر دی گئی ایسے میں ہم خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر ہمارا وطن ہے اس سے لا تعلق نہیں رہ سکتے اس کے لیے ہم ایک پل کا کردار ادا کرتے ہوئے ملک کی معشیت کو مضبوط کرنے کے لیے ٹریڈ لنک بنائیں گے اس کے لیے ایماندار قیادت کو سامنے آنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ آج بنگلا دیش اور کوریا جیسے ممالک یورپی یونین میں مضبوط اکنامک لنک کی وجہ سے ہم سے کہیں آگے ہیں یہ ممالک ہر شعبے میں آگے بڑھے ہیں آج مغربی ممالک اس لیے آگے ہیں کہ یہاں سب کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملتے ہیں خواتین بھی مختلف شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے صدر شرجیل ملک نے کہا کہ کہ عمران خان نے ملک سے کرپشن ختم کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے انہوں نےسیاست کے فرعونوں کو جیل میں ڈال کر آنے والے نئے سیاستدانوں کو ایک سبق دیا ہے آج وہ بڑی جماعتیں جو گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنی باریاں لے کر عوام کا خون چوستی رہی ہیں ان جماعتوں میں آج کوئی شامل ہونے کا نام نہیں لیتا جبکہ عمران خان کے ویژن کی وجہ سے نوجوان دھڑا دھڑ تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معشیت مستحکم ہو رہی ہے معاشی اعشارئیے کی مثبت رپورٹیں دی جا رہی ہیں سال 2020 میں وزیراعظم عمران خان کی بائیس سال کی جدوجہد کا پھل ملنا شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر پی ٹی آئی کی حکومت کو کوئی نہیں روک سکتا چوہدری ظفر انور ہم سب کے آئیڈیل رہنما ہیں جنہوں نے سیاست میں رواداری اور اصول پرستی کو رواج دیتے ہوئے نئی جہت دی ہے۔ آفتاب حمید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں فرسودہ نظام کو ختم کر کے اقتدار گراس روٹ لیول تک منتقل کیا جائے گا تاکہ عام لوگوں کے مساہل حل ہو سکیں ۔چوہدری خادم حسین نے کہا کہ وہ وقت اب دور نہیں جب عمران خان اور قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر آزاد ہو گا ۔ زاہد پرویز نے کہا کہ جب عمران خان اقتدار میں آئے تو خزانہ خالی اور ملک دیوالیہ کے قریب تھا۔ عمران خان کی بہترین حکمت عملی سے ملک اب استحکام کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے ذریعے مستحق لوگ مستفید ہو رہے ہیں ماضی میں گریڈ سترہ سے اکیس والے بے نظیر اِنکم سپورٹ حاصل کر کے حق داروں کا حق چھینا گیا ۔خواجہ انعام الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ پانچ ماہ سے لاک ڈاؤن کر کے انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی جارہی ہے دوسری طرف آزاد کشمیر جو بیس کیمپ کہلاتا ہے نااہل قیادت مسلط کر کے اس کو بھینس کیمپ کی چراگاہ بنا دیا گیا ہے اگلی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے تعلیم یافتہ قیادت کو سامنے لانا ہو گا تقریب سے مدثر علی ،راوف مغل، چوہدری عرفان الحق ،کرنل فیوم ،خواجہ محبوب حسین ،چوہدری محمد فاضل نے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ آزادکشمیر کے آیندہ انتخابات میں تحریک انصاف کو کامیاب کر کے خطے میں حقیقی تبدیلی لائی جائے نظامت کے فرائض چوہدری عاشق اور خواجہ طاہر ایوب نے سرانجام دیئے۔ تقریب میں لیڈز کے نامزد لارڈمئیر اصغر قریشی، کونسلر محمد رفیق، خواجہ امجد، الفی عزیز، محمد خلیق،چوہدری ممتاز، چوہدری شیراز، چوہدری صابر نوشاد، راجہ مہربان خان، حفیظ بٹ، عبدالحلیم مغل، چوہدری نصیر، ماسٹر محمود محمد یونس اور دیگر رہنماوں نے خصوصی شرکت کی۔

تازہ ترین