• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں جمعے، ہفتے کو شدید سردی کا امکان

کراچی کا موسم آج بھی سرد


کراچی کا موسم آج بھی سرد ہے اور دھوپ کے باوجود خنکی محسوس کی جارہی ہے، شہر کا موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جمعے اور ہفتے کو شہر میں شدید سردی ہونے کا امکان ہے۔

ترجمان محکمۂ موسمیات انجم نذیر کے مطابق سائبیرین ہواؤں نے کراچی کا رخ کر لیا ہے، ہواؤں کی رفتار 35 سے 38 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہرِ قائد میں یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی کا احساس معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

ترجمان محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ جمعے اور ہفتے کو درجۂ حرارت 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر میں سردی کا زور 21 جنوری تک برقرار رہنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں آج موسم کا سرد ترین دن

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج شہرِ قائد کا کم سے کم درجۂ حرارت 9 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 21 سے 22 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

ادھر وادیٔ کوئٹہ میں حالیہ برف باری کے بعد شدید سردی نے ڈیرے ڈال لیے ہیں، یخ بستہ ہواؤں کے باعث وادی کا درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے 11 درجے گر گیا۔

برفیلے موسم میں سوئی گیس پریشر میں کمی اوربجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔

کوئٹہ میں شہریوں نے حالیہ برف باری سے خوب لطف اٹھایا، مگر اب وقت ہے شہر میں برفیلے موسم کی سختی جھیلنے کا، اس کا اندازہ شہر میں آج کم سے کم درجۂ حرارت سے لگایا جا سکتا ہے جو منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: ملک بھر میں سردی بڑھ گئی، مری میں تیز برفباری

آج وادی میں رواں موسم سرما کا سرد ترین دن ہے، موسم کی سختی تو ہےہی، اس پر رہی سہی کسر بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گیس کی بندش نے پوری کر دی ہے جس کےباعث گھر اور دفاتر سرد خانے بن گئے۔

شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یخ بستہ موسم میں ان کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔

دوسری جانب بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر میں کمی کےمسائل کے حوالے سے صورتِ حال پر صوبائی حکام بھی بے بس دکھائی دیتے ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں شدید سردی کی حالیہ لہر آئندہ چند روز جاری رہنے کا امکان ہے، بلکہ اس میں مزید اضافہ بھی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں جمعے تک سردی کا ڈیرہ

اس صورتِ حال میں شہریوں کا مطالبہ ہے کہ بجلی اور گیس کے مسائل کو فوری حل کیا جائے۔

تازہ ترین