• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں آج گزشتہ روز سے زیادہ سردی


ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم شدید سرد رہا، پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گزشتہ روز کے مقابلے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں درجۂ حرارت 7 اعشاریہ 5 ڈگری رہا جبکہ سردی کی شدت 6 ڈگری تک محسوس کی گئی۔

سخت سردی سے بچنے کے لیے رات میں چوکیدار اور دکاندار مختلف جتن کرتے نظر آئے۔

کراچی میں سردی کی شدت بڑھتے ہی شہریوں نے سردی میں چاق وچوبند رہنے کا انتظام بھی کر لیا ہے، رات دیر تک شہر میں مختلف مقامات پر لوگ آگ جلاکر ہاتھ سینکتے نظر آئے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں سائبرین ہوائیں چل گئیں، سردی بڑھ گئی

سرد موسم میں کڑاہی کے گرم دودھ کا مزہ لینے والے بھی کم نہیں، سردی میں اضافے کے ساتھ ہی شہر میں سوپ بیچنے والوں کی بھی چاندی ہو گئی۔

شہری مختلف ٹھیلوں اور دکانوں پر بھاپ اُڑاتے گرما گرم سوپ اور یخنی کا مزہ لیتے رہے، سردی میں اضافے کے ساتھ ہی تلی ہوئی مچھلی کی دکانوں پر بھی رش بڑھ گیا جہاں ہاتھوں ہاتھوں منوں فرائی فش بکنے لگی ہے۔

سردیوں میں خشک میوہ کھانے کا بھی اپنا ہی مزہ ہوتا ہے، خشک میوے ذائقے کے ساتھ ساتھ جسم کو حرارت پہنچا کر ٹھنڈ کی شدت کو کم کرتے ہیں۔

مہنگائی کے اس دور میں غریب آدمی چلغوزے، کاجو، بادام، پستے کی جگہ مونگ پھلی اور تل کے لڈو کھا کر ہی گزارا کر لیتا ہے، بڑھتی ہوئی سردی نے کراچی کے مونگ پھلی کے ٹھیلوں پر بھی رونق لگا دی۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں آج بارش اور کل سے سردی بڑھنے کا امکان

سردی بڑھی تو شہرمیں گرم کپڑوں، ٹوپوں اور موزوں کی دکانیں رات دیر تک کھلنے لگیں۔

صبح کے وقت سردی کے باوجود اسکولوں میں بچوں کی حاضری معمول کے مطابق ہے، بچے صبح سویرے اپنے اسکول کے سوئیٹر پہن کر حصول علم کے لیے اسکولوں کا رخ کرتے ہیں۔

دوسری جانب ملک کے دیگر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، بلوچستان، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختون خوا برف باری اور بارش سے موسم سرد ترین ہو گیا۔

بالائی علاقوں میں 4 سے 7 فٹ تک برف پڑی، جس کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، مری میں بھی ڈیڑھ فٹ سے زائد برف پڑ ی جس کے باعث سیاحوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کوئٹہ میں برف باری جاری

مالاکنڈ ڈویژن سمیت قبائلی اضلاع باجوڑ، خیبر، مہمند، اورکزئی اور وزیرستان میں بھی برف باری جاری ہے۔

برف باری کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، سڑکوں اورگلیوں میں برف کےڈھیر موجود ہیں، یخ بستہ موسم میں شہریوں کو سوئی گیس پریشر میں کمی کا شدید بھی مسئلہ درپیش ہے۔

ملک کا سرد ترین مقام اسکردو رہا جہاں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا، جبکہ استور میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 6، ہنزہ میں منفی 5 ، وادیٔ کوئٹہ میں منفی 6، گلگت میں صفر، اسلام آبادمیں 5 ، لاہور میں7 اور پشاور میں8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمۂ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم شدید سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: شمال مشرقی بلوچستان میں بارش و برفباری کا سلسلہ جاری

گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 2 روز سے جاری بارش تھم گئی، تاہم دھند میں اضافے کے ساتھ سردی کی شدت بھی بڑھ گئی ہے۔

لاہور اور گرد و نواح میں گزشتہ روز بارش ہونے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

تازہ ترین