وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے دورے اچھے رہے، خطے میں خاصی کشیدگی تھی، کشیدگی کم کرنے میں پاکستان جو کردار ادا کر سکتا ہے، کررہا ہے۔
نیو یارک پہنچنے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی بریفنگ مکمل ہوئی ہے، بریفنگ کی تفصیلات اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم سے لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں کیپٹل ہل میں ملاقاتیں ہیں، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر سے بھی ملوں گا۔
ادھر دفتر خارجہ کے مطابق نیویارک میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کریں گے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ اقوام متحدہ کے اداروں سے مسئلہ کشمیر پر مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کریں گے اور مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر ایک بار پھر غور کیا گیا ہے۔