اسلام آبا(نمائندہ خصوصی) اسلام آباد میں پناہ گاہوں کے قیام اور اُن سے متعلقہ دیگر انتظامات کے جائزے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس ہوا ۔اجلاس میں پناہ گاہوں کے قیام اور اُن میں دی جانے والی سہولیات سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے پناہ گاہوں کے قیام اور سہولیات میں اضافے کے لیے اسپیکر کو آگاہ کیا ۔ اسپیکر نے کہا کہ پمز میں اولین دستیاب خالی عمارت میں دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے مریضوں کے تیمارداروں کے لیے پناہ گاہ فوراَََقائم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق لوگوں کو مفت کھانا اور رہائش کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیر اعظم کے مشیر خصوصی برائے صحت نے اسپیکر کو یقین دلایا کہ پمز ہسپتال کے احا طہ میں موجود عمارت پناہ گاہ کے قیام کے لیے فراہم کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت صحت اور پمز ہسپتال انتظامیہ کواس ضمن میں ہر ممکن تعاون کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔