وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سینئر ریپبلکن امریکی سینیٹر لنزے گراہم کی واشنگٹن میں ملاقات ہوئی جس میں پاک امریکا تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
سینیٹر لنزے گراہم سے ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے طویل المدتی دو طرفہ تعلقات کے وژن کو سامنے رکھتے ہوئے دونوں ممالک کو زراعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا ہو گا۔
وزیر خارجہ نے سینیٹر لنزے گراہم کو افغانستان میں’’ پرامن سیاسی تصفیہ‘‘ کے لئے جاری کوششوں میں پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کو جلد ہی’’ بین الافغان‘‘ مذاکرات کے آغاز کی امید ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی امریکی سینیٹر کو آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران امریکی سینیٹر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان پائیدار اور اعلیٰ سطح کے روابط دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں ہیں۔ آزادانہ تجارت کا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا۔
سینیٹر لنزے گراہم نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور افغانستان میں امن و مفاہمت کے عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔