• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حارث رئوف کی پاکستان ٹیم میں شمولیت پر لاہور قلندرز خوش

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل کی فرنچائزلاہور قلندرز کی انتظامیہ اپنی فرنچائز کے فاسٹ بولر حارث رؤف کی قومی ٹی ٹوئنٹی کر کٹ ٹیم میں شمولیت پر خوشی سے نہال ہے، ان کی شمولیت پر ٹیم انتظامیہ نے کہا ہے کہ ان کا انتخاب قلندرز کے پاکستان کرکٹ کی بہتری کے عزم کی تصدیق ہے۔ حارث رؤف قلندرز سے پاکستان ٹیم کا سفر طے کرنے والا پہلا کرکٹر نہیں، ان سے قبل فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی بھی پی ایس ایل میں قلندرز کے پلیٹ فارم سے اپنی کارکردگی دکھا کر پاکستان ٹیم میں جگہ حاصل کرچکے ہیں۔ لیکن حارث کا انتخاب بہت اہم ہے ۔ یہ قلندرز کی اپنی خالص پراڈکٹ ہے ۔2017سے قبل جس پلیئر نے باضابطہ کرکٹ بھی نہیں کھیلی تھی ، وہ آج پاکستان کھیلنے جارہا ہے ۔ یہ سب پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ۔ قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا نے کہا کہ حارث رؤف کی سلیکشن پوری قلندرز فیملی کیلئے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ جہاں قلندرز کی انتظامیہ حارث رؤف پر بھرپور محنت کرتی رہی وہیں حارث نے بھی خوب جم کر محنت کی ۔ قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن عاقب جاوید کہتے ہیں کہ ایک دن حارث کی کامیابی کا یقین تھا۔ سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا نے کہا کہ یہ سلیکشن لاہور قلندرز پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کی کامیابی ہے ۔
تازہ ترین