• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنانشل ٹاسک فورس بل پر آج اتفاق ہوجائے گا، رحمٰن ملک

اسلام آباد( طاہر خلیل )سینٹ کی داخلہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر رحمن ملک کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ فنانشل ٹاسک فورس بل پر آج اتفاق ہوجائے گا، بل 20 جنوری تک منظور نہ ہوا تو پاکستان بلیک لسٹ میں جاسکتا ہے۔اس موقع پر سینیٹر طاہر بزنجو نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان صرف 2 کاموں میں مصروف ہیں۔تفصیلات کے مطابق سینٹ داخلہ کمیٹی کے اجلاس میں ’’ بوٹ ‘‘ کا معاملہ زیر بحث آنے پر شرکاء ایک دوسرے کا منہ تکتے رہ گئے۔کمیٹی چیئرمین سینیٹر رحمٰن ملک اجلاس میں پہنچے تو سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ وہ تلاوت سے قبل ایک ضروری بات کرنا چاہتے ہیں ،وہ یہ کہ تمام شرکا کی چیکنگ کی جائے کہ کسی کے پاس کوئی ایسا تھیلا یا بیگ تو نہیں جس میں کوئی بوٹ ہو، ایسا نہ ہو کہ کوئی بوٹ نکال لے اور مجھے کمیٹی سے جانا پڑے ۔ تین روز قبل ایک ٹی وی پروگرام میں وفاقی وزیر فیصل ووڈا نے شاپنگ بیگ سے نکال کر بوٹ میز پر رکھ دیا تھا ، اس وقت فیصل ووڈا کے ساتھ شریک ٹاک شو سینیٹر جاوید عباسی تھے اور جاوید عباسی پروگرام چھوڑ کر چلے گئے تھے ۔ جاوید عباسی کے بیان کو سن کر سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ بیگ چیک کرلئے تو پھر اگر کسی نے اپنا ہی بوٹ اتار لیا تو کیا کریں گے ؟ چیئرمین کمیٹی رحمٰن ملک نے یہ کہہ کر معاملے پر گفتگو ختم کر دی کہ اس واقعہ کا پہلے ہی حکومت نوٹس لے چکی ہے ۔ داخلہ کمیٹی میں جب بلوچستان میں حالیہ بم دھماکے کی بات ہوئی تو سینیٹر طاہر بزنجو نےکہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ بلوچستان کا وزیر اعلیٰ صرف دو کاموں میں مشغول ہے ایک موبائل فون پر گیم کھیلنا اور چیونگم چبانا ۔ نادرا کے سیکرٹ ڈیٹا بیس تک غیر ملکی رسائی کے حوالے سے سینیٹر رحمٰن ملک نے واقعہ سنایا کہ بطور وزیر داخلہ اس وقت کے وزیر اعظم کے ہمراہ امریکا گیا۔

تازہ ترین