راولپنڈی کے ایوب پارک اسٹیڈیم میں نئی آسٹروٹرف کا افتتاح جمعے کو پاکستان سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے درمیان نمائشی میچ سے ہوا۔
یہ ٹرف نیلی اور اس کا بارڈر پیلے رنگ کا ہے، اسکی تنصیب سے قومی کھیل ہاکی کے ملک کے مختلف شہروں میں آ سٹرو ٹرف کی تعداد 25 سے زائد ہوگئی ہے، یہ ٹرف ماری پیٹرولیم گیس کی جانب سے لگوائی گئی ہے جس نے اپنی ہاکی ٹیم بھی تشکیل دی ہے۔
افتتاحی تقریب میں پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈئیر (ر) خالد کھوکھر اور سکریٹری جنرل آصف باجوہ، پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان منظور الحسن، شہناز شیخ، رشید جونیئر اور گیس کمپنی کے ایم ڈی لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم اور ہاکی کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا نمائشی میچ برابر رہا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیڈریشن کے صدر خالد کھوکھر نے کہا کہ قومی کھیل کی ترقی کے لیے نجی اداروں کا آگے آنا خوش آئند ہے۔
اس گراؤنڈ کی تکمیل سے پنڈی میں تین اسٹیڈیم ہوگئے ہیں، جس میں آرمی اسٹیڈیم اور شہناز شیخ اسٹیڈیم شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی کھیل کو بحران سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں، مالی مشکلات کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے، جلد اس پر بھی قابو پالیں گے۔
جنرل اشفاق ندیم نے اسٹیڈیم میں پویلین اور دیگر سہولت جلد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔