• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ داخلہ کمیٹی نے FATFبل کو متفقہ طورپر منظورکرلیا

اسلام آباد(طاہر خلیل،عاصم یاسین ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائےداخلہ نے ایف اے ٹی ایف (فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ) بل کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی‘ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر رحمان ملک کی زیرصدارت ہواجس میں وزیر پارلیمانی امور سینیٹرمحمد اعظم خان سواتی کے 10جنوری 2020کو سینیٹ اجلاس میں متعارف کرائے گئے میوچوئل لیگل اسسٹنس (کریمنل معاملات)بل 2020کا تفصیل سے جائزہ لیا گیاایف اے ٹی ایف سے متعلق تمام عوامل اور پہلوؤں اور ایف اے ٹی ایف کے لئے اس طرح کے بل کی طلب پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا، چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ بل کے حوالے سے کچھ اراکین کمیٹی نے چند تحفظات کا اظہار کیا تھا،سینیٹرز جاوید عباسی اور طلحہ محمود نے کچھ تجاویز تیار کی ہیں ،انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بل کے سیکشن 21 پر عملدرآمد کیلئے کسی ایک شخص کو اختیار نہیں دینا چاہیے،سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی 20 جنوری کی ڈیڈلائن کو پورا کرنے کیلئے ہمیں بل کی منظوری دینی ہوگی ،انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی نے بل کے غلط استعمال ، سیاسی انتقام سمیت تمام پہلوئوں پر غور کیا ہے ،قائمہ کمیٹی حکومت کی یقین دہانی پر کہ60دن کے اندر تجاویز کو ہاؤس میں پیش کر کے کمیٹی کو بحث کیلئے ریفر کرائے گی بل کو پاس کر دیا،سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے تاہم یہ تجویز پیش کی کہ بل ایف اے ٹی ایف باڈی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منظور کیا جاسکتا ہے کیونکہ پاکستان کے معاملے پر 20 جنوری 2020 کو سماعت ہوگی اور حکومت کو اس قانون کے بارے میں ایف اے ٹی ایف کو بتانا ہوگا ،چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک نے بھارتی مظالم اور بھارتی آرمی جنرل پین راوت کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جیسے قائمہ کمیٹی نے متفقہ طور پر منظور کر لیا،قرارداد میں بھارتی جنرل پین کا بیان کہ’’ کشمیری بچوں کو ڈی ریڈیکلائزیشن کیمپس میں رکھا جائے ‘‘قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ،قرارداد میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی بے تحاشہ پامالی کے تدارک کیلئے عملی اقدام لیں، سینیٹر رحمان ملک نے جاوید عباسی کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دی جو کشمیر ہائی وے اور اسلام آباد کے دیگر علاقوں میں کئے گئے انکروچمنٹ آپریشنز پر قائمہ کمیٹی کو رپورٹ پیش کرے گی۔
تازہ ترین