کیا آپ پر یہ وقت آگیا ، جب آپ کے ہاتھ کی انگلیاں بالوں میں رہیں اور آپ اپنے سر کو بری طرح کھجاتے رہیں۔
یہ آپ کے سر کی جِلد پر ہونے والے مہاسے ہیں جو خارش کا سبب بنتے ہیں جنہیں آپ نظر انداز نہیں کر سکتے۔ یہ لال رنگ کے دانے سر میں بھی اسی طرح نکلتے ہیں جس طرح منہ پر نکلتے ہیں۔
سر کی جِلد میں مہاسے نکلنے کی وجہ کیا ہے؟
بالوں کے نیچے موجود کھوپڑی کے خلیوں کو فضائی آلودگی، فنگل انفیکشن اور بیکٹیریا سے نقصان پہنچتا ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق بالوں کی جڑ کھوپڑی کے جس سوراخ میں ہوتی ہے، اسے فولیکل (follicle) کہتے ہیں۔ یہاں مخصوص خلیے پائے جاتے ہیں، انہیں ہیومن فولیکل ڈرمل پپیلا سیل (HFDPC)کہا جاتاہے۔ ہوا میں موجود مختلف ذرات ناصرف فولیکل بلکہ ان میں موجود خلیوں اور پروٹینز پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ سر میں دانے نکلنے کی وجہ آپ کا اپنا لائف اسٹائل ہے۔ہارمونز کا عدم توازن اور غیر صحت بخش غذا بھی ان دانوں کی وجوہات میں شامل ہے جس کی روک تھام کے لئے آپ کو اپنا کھانا پینا بہتر کرنا ہوگا، نیز اپنا لائف اسٹائل تبدیل کرنے سے بغیر کسی علاج کے یہ دانے خود ہی غائب بھی ہو جاتے ہیں۔
سر میں مہاسوں کی ایک وجہ غلط تیل یا ہیئر پراڈکٹس کا استعمال ہے، اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ جو تیل اور شیمپو استعمال کر رہے ہیں وہ آپ کی جلد سے مطابقت رکھتے ہیں یا نہیں۔
دانوں کی ایک بڑی وجہ بالوں میں تیل کا کثیر مقدار میں استعمال ہے کیونکہ دانوں سے نجات کے لئے سر کی جلد کو صاف ستھرا اور چکنائی سے پاک ہونا ضروری ہے۔