کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی سے کورنگی کو ملانے والے ملیر ندی کے پل پر تیزرفتار کار بے قابو ہوکر فٹ پاتھ پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں صفائی کرنے والے دو افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
عوامی کالونی پولیس کے مطابق باغ کورنگی کے قریب ایک کار نمبر اے ایف ٹی 716 شاہ فیصل کالونی جانے والے ملیر ندی کے پل پر تیز رفتاری کے دوران بے قابو ہوکر فٹ پاتھ پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں سڑک پر صفائی کرنے والے عملے کے ارکان جو فٹ پاتھ پر کھانا کھا رہے تھے گاڑی کی زد میں آگئے۔
پولیس کے مطابق حادثے میں 4 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں جناح اسپتال روانہ کیا گیا۔
جناح اسپتال ذرائع کے مطابق اسپتال لائے جانے کے دوران جارج مسیح، اور خاتون فیروزہ ستار جاں بحق ہوگئے جبکہ دو زخمیوں صوفیہ اور روبن کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق کار چھوڑ کر ڈرائیور فرار ہوگیا۔ حادثے کا شکار گاڑی کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے اور ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔