لاہور (نیوزرپورٹر) امیر جماعت ا سلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف تحریک چلائے گی احتساب بند کمروں میں نہیں ہوتا، ادارے پسند و ناپسند کی بنیاد پر سیاست میں ملوث ہیں۔ اب عوام کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں رہا۔ جماعت اسلامی چہروں کے بجائے نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ اپوزیشن صرف جماعت اسلامی ہے باقی سب ایک چھتری تلے جمع ہیں ۔ ادھر ادھر سے پرزے پکڑ کر بنایا گیا جہاز رن وے پر ہی کھڑا رہے گا اڑ نہیں سکتا ۔ قوم کے پندرہ ماہ ضائع ہو گئے حکومت ابھی تک کوئی ایک کام سنجیدگی سے نہیں کر سکی ۔ ورلڈ بنک کی رپورٹ کے مطابق 2020 ءمیں بھی معاشی شرح نمو افریقہ کے قحط زدہ ممالک جیسی رہے گی اور عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا ۔احتساب بند کمروں میں نہیں ہوتا،ادارے پسند و ناپسند کی بنیا د پر سیاست میں ملوث ہو گئے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور کلب کے نو منتخب عہدیداروں کے ہمراہ میٹ دی پریس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے،حکومت پندرہ ماہ میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی ۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے مارے عوام کی سمجھ میں سونامی کا اصل مطلب اب آیا ہے ۔ جھونپڑے سے لے کر بنگلوں تک مہنگائی کے سونامی نے تباہی مچادی ہے اور سفید پوش طبقہ بھی نان شبینہ کا محتاج ہوگیاہے ۔ 70 روپے کلو آٹے پر پورا ملک سناٹے میں آگیاہے اور لوگوں کے چہرے زرد پڑ گئے ہیں ۔