• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہتر ماحول کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ضروری ہے،سیف الرحمان

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے کہا ہے کہ کڈنی ہل پارک کی62 ایکڑ اراضی 1974ء میں کے ڈی اے نے کے ایم سی کے حوالے کی تھی ماحول کو بہتر اور انسان دوست بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے۔یہ بات انہوں نے کے ڈی اے مزدور یونین(سی بی اے) کے تحت احمد علی کڈنی ہل پارک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ احمد علی کے ڈی اے کے ایک لائق افسر تھے جن کی خدمات قابل تحسین اور لائق ستائش ہیں لہٰذا ان کی خدمات کے اعتراف میں کڈنی ہل پارک کا نام احمد علی کے نام سے موسوم کیا گیا ہے ۔ہمیں فخر ہے کہ ہم نے احمد علی کڈنی ہل پارک کی چوٹی پر وطن عزیز پاکستان کا پرچم سر بلند کیا جو ہم سب کیلئے ایک اعزاز ہے۔تقریب سے چیئرمین کے ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) عبدالمتین شیخ نے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید سیف الرحمان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اہل اور دیانت دار افسران کی حوصلہ افزائی کرنا چاہئے کیونکہ یہ ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔اس موقع پر انہوں نے احمد علی کڈنی ہل پارک کیلئے اپنی جانب سے ایک ہزار پودے دینے کا اعلان کیا۔تقریب میں چیف انجینئر نوید اظہار، پروجیکٹ ڈائریکٹر مبین صدیقی، ڈائریکٹر آئی ٹی کمال احمد صدیقی، ڈائریکٹر کو آر ڈی نیشن محمد نعیم وحید، ڈائریکٹر مارکٹنگ ندیم احمد، سیکریٹری شکیل احمد خان، افتخار الحسن، امانت علی میرانی اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔

تازہ ترین