کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں سالگرہ کی تقریب کے دوران پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی اور پولیس کی موجودگی میں ہوائی فائرنگ کا مقابلہ ہوا، فائرنگ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد فائرنگ کرنے والے دو بھائیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کے قریب ابراہیم حیدری میں سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی راجہ اظہر اور ابراہیم حیدری تھانے کے ایس ایچ او سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے دوران کئی افراد شدید ہوائی فائرنگ کا مقابلہ کرتے رہے، کبھی ریڈی اسٹیڈی گو، تو کبھی ون ٹو تھری کے بعد فائرنگ کی گئی، فائرنگ میں مبینہ طور پر سرکاری ایس ایم جی بھی استعمال کی گئی۔
سوشل میڈیا پر تقریب میں فائرنگ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد فائرنگ کرنے والے دو بھائی ذیشان اور فیصل کے خلاف پولیس نے کارروائی کرکے ایف آئی آر درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او ابراہیم حیدری تقریب میں ضرور موجود تھے لیکن ہوائی فائرنگ ان کے جانے کے بعد ہوئی۔
آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئی ایس ایس پی ملیر سے تفصیلات طلب کرلیں، آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ قانون شکنی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے سے متعلق پولیس کی تحقیقات اور پیش رفت سے متعلق فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔