• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرا ٹیسٹ: انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو اننگز اور 53 رنز سے ہرادیا

تیسرا ٹیسٹ: انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو اننگز اور 53 رنز سے ہرادیا


تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے آخری وکٹ کی شراکت میں 99 رنز کے باوجود جنوبی افریقا کو ایک اننگز اور 53 رنز سے ہرا کر سیریز میں دو ۔ایک کی برتری حاصل کر لی۔

پورٹ ایلزبتھ میں ٹیسٹ کے آخری دن انگلینڈ کو فتح کے لیے چار وکٹیں درکار تھیں، جنوبی افریقا نے 106 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی لیکن پوری ٹیم 237 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

فلینڈر 13 اور مہاراج 5 رنز کے ساتھ میدان میں اترے لیکن فلینڈر اسکور میں کسی بھی رن کا اضافہ کیے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کاگیسو ربادا 16 اورآرنچ نورٹیج 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ایسے میں مہاراج اورکیریئر کاپہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ڈین پیٹرسن نے جم کر بیٹنگ کی اور آخری وکٹ کی شراکت میں 99 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 237 تک پہنچا دیا۔

انگلینڈ کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے میزبان ٹیم کو ابھی مزید 53 رنز درکار تھے کہ 71 کے انفرادی اسکور پر مہاراج بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگئے۔ یوں انگلینڈ نے یہ ٹیسٹ اننگز اور 53 رنز سے اپنے نام کرکے چار میچوں کی سیریز میں دو۔ایک کی برتری حاصل کرلی۔

بیرون ملک کھیلتے ہوئے ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی یہ 150ویں فتح ہے۔

انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے 4، مارک ووڈ نے 3 جبکہ اسٹیورٹ براڈ اور ڈوم بریس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کے اولی پوپ کو 135 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

آخری اسکور یہ رہا۔ انگلینڈ 499 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر۔ جنوبی افریقا 209 اور 237 رنز۔

سیریز کا آخری ٹیسٹ 24 جنوری سے جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین