• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل واوڈا کی نا اہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر

فیصل واوڈا کی نا اہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر


وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی گئی۔

فیصل واؤڈا کے خلاف درخواست امن ترقی پارٹی کے چیئرمین فائق شاہ کی طرف سے دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیصل واؤڈا نے کاغذات نامزدگی میں جعلی حلف نامہ جمع کروایا۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ فیصل واؤڈا کو جعلی حلف نامہ جمع کروانے پر نااہل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیے: وفاقی وزیر کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت امریکی شہری تھے

الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ فیصل واؤڈا صادق اور امین نہیں رہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ دوہری شہریت رکھنے پر 2 سینٹرز کو نا اہل قراردے چکی ہے۔

فیصل واوڈا کیخلاف درخواست بغیر سماعت ملتوی

اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی نااہلی کیلئے درخواست پر سماعت بغیر کسی پیش رفت کے ملتوی کردی اور درخواست گزار وکیل کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مامون رشید نے امن ترقی پارٹی کے چیئرمین فائق شاہ کی درخواست پر سماعت کی تو فاضل چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل میاں آصف کو باور کروایا کہ آپ کی درخواست کے لیے کے تیاری ہی نہیں ہے پہلے تیاری کریں پھر پیش ہوں۔

درخواست گزار نے وفاقی وزیر فیصل واڈا کی نااہلی کی لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا، جس میں انہوں نے نشاندہی کی کہ فیصل واؤڈا نے ملکی اداروں پر سنگین سیاسی الزامات لگا کر اپنے حلف سے غداری کی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق میمو گیٹ میں اور ڈان لیکس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوتی تو یہ صورت حال پیدا نہیں ہوتی۔

درخواست میں کہا گیا کہ مقامی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں ہونے والے واقعہ کی جوڈیشل کمیشن انکوائری کروائی جائے۔

درخواست میں یہ موقف بھی اختیار کیا گیا کہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت پارلیمنٹ و کابینہ کا حصہ نہیں رہ سکتے اس لیے انہیں قومی اسمبلی اور کابینہ کی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے 2018ء کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے اس وقت وہ امریکی شہری تھے اور یہ کہ ان کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں جمع کروایا جانے والا حلف نامہ جعلی تھا کہ ان کے پاس غیر ملکی شہریت نہیں ہے۔

فیصل واوڈا نے اپنے کاغذات نامزدگی میں حلفاً کہا کہ وہ صرف پاکستانی شہری ہیں تاہم دستاویزات سے ثابت ہوا جب انہوں نے کاغذات جمع کرائے وہ امریکی شہری بھی تھے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قانونی ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر ثابت ہوجائے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت وہ امریکی شہری تھے تو نااہل ہوجائیں گے۔

تازہ ترین