• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آٹا بحران اور مہنگی چینی پر پرویز رشید کا حکومت سے سخت سوال

آٹا بحران اور مہنگی چینی پر پرویز رشید کا حکومت سے سخت سوال


اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید نے وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور کہا کہ آٹے اور چینی کے بحران سے اس نے منافع کمایا جس کے جہاز میں آپ سفر کرتے ہیں، جو ان کے گھر کا کچن چلاتا ہے۔

آٹے کے بحران کی گونج سینیٹ اجلاس میں بھی سنائی دی، پرویز رشید نے اپنے خطاب میں استفسار کیا کہ آٹے کا بحران واحد نہیں،چینی کی قیمت کیوں بڑھی؟

انہوں نے کہا کہ چلو آٹا، چینی کی قیمت بڑھ گئی، ملک میں گیس میسر نہیں جبکہ بجلی کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے، ڈالر کا ریٹ بھی راتوں رات بڑھ گیا، یہ سب کس کی جیب میں گیا؟

ن لیگی سینیٹر نے وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ اس سب سے اُس نے منافع کمایا، جس کے جہاز میں آپ سفر کرتے ہیں، جو آپ کے گھر کا باورچی خانہ چلاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ ماہ پہلے تک گندم ضرورت سے زیادہ موجود تھی آج اس کی قلت ہے، حکومت نے گندم اجازت سے زیادہ برآمد کی۔

پرویز رشید نے مزید کہا کہ حکومت نے 29 روپے فی کلو کے حساب سے گندم برآمد کی، وہ ملک میں 70 روپے کلو کے حساب سے ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکز، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آپ کی حکومت ہے، بقول آپ کے یہ حکومتیں آپ کو غلط اطلاعات دیتی رہیں، کیا آپ اس مجرم کو سزادیں گے؟

ن لیگی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ آپ تو جیل میں بھی لوگوں کو زندہ رہنے کے حق سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ آپ تو کہتے ہیں سکون قبر میں ہے، سکون اس کے لیے ہے جس نے لوگوں سے روٹی کا نوالہ نہیں چھینا، لوگوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے والے کے لیے قبر کا عذاب ہے۔

تازہ ترین